92

نواز شریف اہم دورے پر سعودی عرب روانہ 


لاہور۔ سابق وزیراعظم ومسلم لیگ (ن) کے صدر نواز شریف اہم دورے پر سعودی عرب روانہ ہو گئے جہاں وہ اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں کریں گے ۔گزشتہ روز نواز شریف اپنی رہائشگاہ جاتی امراء سے سخت سکیورٹی میں ایئرپورٹ کے لئے روانہ ہو ئے ، کارکنوں نے پھولوں کی پتیاں نچھاور کر کے انہیں رخصت کیا ۔ نواز شریف سعودی ایئر لائنز کی پرواز 739کے ذریعے ریاض روانہ ہوئے ۔ وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف اور وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق پہلے ہی سعودی عرب میں موجود ہیں ۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق نواز شریف اور شہباز شریف کی سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے ملاقات کا بھی امکان ہے۔ جبکہ نواز شریف سعودی عرب میں عمرہ بھی ادا کریں گے۔اس حوالے سے مسلم لیگ (ن) کی مرکزی رہنما مریم نواز نے کہا کہ نواز شریف اور شہباز شریف کا سعودی عرب جانے کا مقصد عمرہ ادا کرنا ہے اور ملاقاتیں بھی ہوں گی ،جو کہہ رہے ہیں کہ این آر او ہو رہا ہے ان سے پوچھنا چاہیے کہ کون این آر او دے رہا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ دنیا کی طاقتیں مسلم لیگ (ن) کو جیتتا ہوا دیکھتی ہیں اسی لیے ملتی ہیں ۔انہوں نے مزید کہا کہ نواز شریف کے خلا ف پہلے بھی سازشیں ناکام ہوئیں اب بھی ہوں گی اوران کیخلاف بننے والا اتحاد ناکام اور نا مراد ہوگا ۔اگلا وزیر اعظم اور وزریر اعلیٰ پنجاب مسلم لیگ (ن) سے ہی ہوگا ۔