91

غیر قانونی رکشوں اور چنگ چی کیخلاف کریک ڈاؤن کا فیصلہ

پشاور۔وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے ٹرانسپورٹ وماس ٹرانزٹ ملک شاہ محمد وزیر نے محکمہ ٹرانسپورٹ کے حکام کو ہدایت کی ہے کہ صوبے کے تمام ڈپٹی کمشنرز کو نئے چنگ چی رکشوں کی اضلاع میں لانے پر فوری طورپر دفعہ 144 کے تحت پابندی لگانے کے لئے مراسلے ارسال کئے جائیں اس کے علاوہ انہو ں نے پراونشل ٹرنسپورٹ اتھارٹی اور ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹیز کو بغیر پرمٹ کے غیر قانونی رکشوں کے خلاف کریک ڈاؤن کرنے اور ایک ضلع سے دوسرے ضلع رکشے اورچنگ چی منتقل کرنے پر بھی فوری پابندی لگانے کی ہدایت کی ہے۔

یہ ہدایات انہو ں نے جمعہ کے روز پشاور میں پراونشل ٹرانسپورٹ وریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹیز کی کارکردگی اور مالی سال 2017-18 کے لئے محکمہ کے مقررہ محاصل کا جائزہ لینے سے متعلق ایک اعلی سطح اجلا س کی صدارت کرتے ہوئے جاری کیں اجلاس کو بتایا گیا کہ مالی سال 2017-18 کے لئے مقررہ محاصل میں سے اب تک 45 فیصد آمدن حاصل ہو چکی ہے۔ اجلاس کو آگاہ کیا گیا کہ پشاور سمیت دیگر اضلاع میں غیر قانونی طورپر چلنے والی ٹرانسپورٹ کو قانون کے دائرے میں لانے سے آمدن میں خاطر خواہ اضافہ ہوگا۔

اجلاس میں اضلاع کی سطح پر عوام کو ڈرائیونگ لائسنس کے اجراء کا بھی جائزہ لیا گیا۔ اس سلسلے میں ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹیز کے حکام نے بتایا کہ اگر تمام آرٹی ایز کو لائسنس پر نٹرز فراہم کردیئے جائیں تو ڈرائیونگ لائسنس کے حصول کے لئے دیگر اضلاع کے لوگوں کو پشاو ر کی بجائے مقامی سطح پر ہی سہولت میسر ہوجائے گی۔ شاہ محمد وزیر نے کہاکہ حکومت کسی سے روزگار چھیننانہیں چاہتی لیکن غیر قانونی رکشے اور چنگ چی چلانے کی کسی بھی صورت اجازت نہیں دے گی انہو ں نے کہا کہ غیر قانونی رکشوں اور چنگ چی کے چلنے سے نہ صرف ٹریفک کے مسائل میں اضافہ ہو رہا ہے بلکہ آئے روز یہ رکشے اور چنگ چی حادثات اور جرائم میں اضافے کا سبب بھی بن رہے ہیں