143

ایبٹ آباد ٗ ڈیرہ ٗ سوات میں بلڈسنٹر قائم کرنیکا فیصلہ

پشاور ۔ پشاور کے ہسپتالوں میں زیرعلاج مریضوں کو محفوظ انتقال خون یقینی بنانے کے لیے قائم ریجنل بلڈ سنٹر پشاور کی کامیابیوں کو مدنظر رکھ کر خیبر پختونخوا حکومت نے صوبے کے دیگر اضلاع تک وسعت دینے کا فیصلہ کیا ہے ۔یہ سنٹرز 676ملین روپے کی لاگت سے ایبٹ اباد ، ڈیرہ اسماعیل خان اور سوات میں قائم کئے جارہے ہیں جہاں مریضوں کو عالمی ادارہ صحت کے اصولوں کے عین مطابق خون فراہم کیا جائیگا۔ایبٹ اباد اور ڈیرہ اسماعیل خان سنٹرز بیرونی امداد سے جبکہ سوات سنٹرکو خیبر پختون خوا حکومت اپنے بجٹ سے تعمیر کررہی ہے۔ڈیر اسماعیل خان سنٹر مفتی محمو د ہسپتال میں ، ابیٹ اباد سنٹر ایوب میڈیکل کمپلیکس میں جبکہ سوات بلڈ سنٹر ڈی ایچ کیو ہسپتال میں تعمیر کیا جائیگا۔ان اضلاع میں بلڈ سنٹرز کی تعمیر کی بدولت ہسپتالوں میں زیر علاج مریضوں کو بوقت ضرورت فوری اور بروقت خون کی دستیابی ممکن ہو سکے گی۔

جس سے بہت سی قیمتی جانوں کو تحفظ دینے میں معاونت ہوگی۔پشاور میں موجود ریجنل بلڈ سنٹر سے پچھلے پانچ ماہ کے دوران 14000مریض مستفید ہوئے ہیں ،جن میں حادثات،سرجریز کے ساتھ ساتھ امراض گردہ تھیلسیمیا،ہیموفیلیا اور ڈینگی کے مریض شامل ہیں۔ریجنل بلڈ سنٹر کی مینجر ڈاکٹر صبا کے مطابق 2017میں پشاور اور نواح میں ڈینگی کی تقریباً وبائی صورتحال کے دوران ریجنل بلڈ سنٹر نے مریضوں کو فراہمی خون میں اہم ترین کردار ادا کیا،چار ہزار سے زائد ڈینگی مریضوں کو پلیٹلیٹس بیگز فراہم کیے گئے۔ ریجنل بلڈ سنٹر سے پشاور کے تین بڑے ہسپتالوں حیات آباد میڈیکل کمپلیکس ، لیڈی ریڈنگ ہسپتال اور خیبر ٹیچنگ ہسپتال سمیت گورنمنٹ میٹرنٹی ہسپتال ، نصیراللہ بابر میموریل ہسپتال اور انسٹی ٹیوٹ اف کڈنی ڈیزیز میں مریضوں کوعالمی ادارہ صحت کے اصولوں کے عین مطابق خون فراہم کیا جاتا ہے ۔محفوظ انتقال خون کے لیے ریجنل بلڈ سنٹر کی تعمیر جرمن ادارے کے تعاون سے کی گئی جو اب خیبر پختونخوا کے محکمہ صحت کے زیرنگرانی کا م کر رہاہے ۔

محفوظ انتقال خون کے پراجیکٹ ڈائریکٹر شمس آفریدی کے مطابق خیبر پختون خوا حکومت نے 2017-18 میں اس سنٹر کے ؒ ٗؒ ٗلئے260 ملین کا بجٹ مختص کیا تھا جبکہ بعد ازاں ضرورت پڑنے پر حکومت نے 23ملین روپے کی ایڈیشنل گرانٹ بھی دی ہے ۔ریجنل بلڈ سنٹر کی کامیابیوں کو دیکھتے ہوئے اب حکومت نے صوبے کے دیگر اضلاع ڈیرہ اسماعیل خان، ایبٹ اباد اور سوات میں بھی بلڈسنٹر تعمیر کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس پر کل لاگت676 ملین روپے آئیگی جسمیں 290ملین روپے خیبر پختون خوا جبکہ باقی جرمنی کا ادارہ KFW برداشت کریگی ، اسکے علاوہ سوات سنٹر کو خیبر پختون خوا حکومت مکمل طور پر اپنے اخراجات سے تعمیر کر رہی ہے۔