95

الطاف حسین کی گرفتاری ٗبرطانوی حکومت سے رابطے کا فیصلہ

اسلام آباد۔ وفاقی حکومت نے بانی ایم کیو ایم الطاف حسین کی بیرون ملک سے گرفتاری کے لئے برطانوی حکومت سے رابطہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے‘ الطاف حسین کو عمران فاروق قتل کیس میں برطانیہ سے مانگا جائے گاجبکہ برطانوی حکومت کی رضامندی پر عمران فاروق قتل کیس میں الطاف حسین کے ریڈ وارنٹ کے اجراء کے لئے انٹرپول سے بھی رابطہ کیا جائے گا۔ انٹرپول کراچی میں جلاؤ ‘ گھیراؤ کے کیس میں الطاف حسین کے ریڈ وارنٹ جاری کرنے سے معذرت کرچکا ہے۔

سرکاری ذرائع کے مطابق بانی ایم کیو ایم الطاف حسین کو عمران فاروق قتل کیس میں پاکستان لانے کے لئے اعلیٰ سطح پر مشاورت جاری ہے۔ وزارت داخلہ کے ذرائع کے مطابق برطانوی حکومت سے الطاف حسین کی حوالگی کا معاملہ پہلے بھی اٹھایا گیا ہے اور ایک بار پھر الطاف حسین کے خلاف موجود چارج شیٹ برطانوی محکمہ داخلہ سے شیئر کی جائے گی اور عمران فاروق قتل کیس میں الطاف حسین کو پاکستان کے حوالے کرنے کا مطالبہ کیا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق پاکستان میں الطاف حسین کے خلاف درج مقدمات کی تفصیلات اور عدالتوں کی طرف سے انہیں اشتہاری قرار دینے کے فیصلے بھی برطانوی حکومت سے شیئر کئے جائیں گے۔ ذرائع کے مطابق حکومت پاکستان کی یہ کوشش ہے کہ الطاف حسین کو عمران فاروق قتل کیس میں پاکستان لایا جائے اور بیرون ملک سے ان کی گرفتاری انٹرپول کے ذریعے کروانے کی کوشش کی جائے گی۔

واضح رہے کہ کراچی میں الطاف حسین کی تقریر کے بعد بڑے پیمانے پر جلاؤ گھیراؤ اور توڑ پھوڑ ہوئی تھی۔ اس مقدمے میں کراچی کی انسداد دہشت گردی کی عدالت کے احکامات کی روشنی میں الطاف حسین کے ریڈ وارنٹ کے اجراء کے لئے انٹرپول کو درخواست ارسال کی گئی تھی تاہم انٹرپول نے اسے سیاسی نوعیت کا مقدمہ قرار دے کر ملزم کے ریڈ وارنٹ جاری کرنے سے انکار کردیا گیا۔