89

ارباب نیاز سٹیڈیم پشاور کی تعمیر و مرمت پر کام تیز کرنیکی ہدایت


پشاور ۔ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے صوبہ بھر میں تحصیل کی سطح پر کم ازکم ایک پلے گراؤنڈ تعمیر کرنے کے بنیادی ہدف کو پھلانگتے ہوئے 100 پلے گراؤنڈز کی کامیاب تکمیل پراطمینان کا اظہار کیا ہے اور اُمید کی ہے کہ مذکورہ پیش رفت کو جاری رکھتے ہوئے بہت جلد کھیلوں کے 130 میدان مکمل کرلئے جائیں گے ۔

اُنہوں نے 1.38 ارب روپے کی لاگت سے ارباب نیاز کرکٹ سٹیڈیم پشاور کی تعمیر و مرمت پر کام تیز کرنے اور سٹیڈیم میں کھلاڑیوں کے قیام کیلئے ہاسٹل اور دیگر متعلقہ سہولیات کے ساتھ بین الاقوامی معیار سے ہم آہنگ بروقت تکمیل یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔اُنہوں نے کہاکہ ایڈوانس کمیونیکیشن سسٹم اور دیگر سہولیات اس منصوبے کو اپنی نوعیت کا ایک منفرد منصوبہ بنا دیں گی۔وہ وزیراعلیٰ ہاؤس پشاورمیں تحصیل سپورٹس گراؤنڈز کی تعمیر اور سیاحتی مقامات کی خوبصورتی پر جائزہ اجلاس کی صدارت کر رہے تھے ۔

صوبائی وزیر برائے اطلاعات مشتاق احمد غنی ، وزیراعلیٰ کے مشیر برائے سیاحت عبد المنعم ، ایم پی اے شوکت یوسفزئی ، متعلقہ محکموں کے انتظامی سیکرٹریز اور اعلیٰ حکام نے اجلاس میں شرکت کی ۔پرویز خٹک نے صوبے کے تمام اضلاع میں یوتھ سنٹرز کو مکمل طور پر فعال بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہاکہ صوبے میں تخلیقی مقاصد اور نوجوانوں کی صلاحیتوں کو نکھارنے کیلئے تمام معاون سہولیات میسر ہونی چاہئیں ۔

وزیراعلیٰ نے اس موقع پر محکمہ سیاحت کو صوبے کے سیاحتی علاقوں میں محفوظ مقامات پر کیمپنگ سہولیات مہیا کرنے کی ہدایت کی تاکہ سیاحوں کو مہنگے ہوٹلز اور موٹلز کی بجائے اپنے کیمپ کی خود تنصیب اور قیام کا انتظامات کرنے کے قابل بنایا جا سکے ۔وزیراعلیٰ نے کہاکہ وہ کالام سوات سے کمراٹ دیر تک کیمپنگ اور قیام کی سہولیات سے آراستہ نئے ہائی وے کی تعمیر کیلئے سکیم کی منظوری دے چکے ہیں تاکہ دونوں اضلاع کے مابین سیاحتی مقامات کو باہم منسلک کیا جا سکے ۔اُنہوں نے کہاکہ کالام سے کمراٹ نیا روڈ نہ صرف سوات اور دیر اپر کو آپس میں ملائے گا بلکہ لوگوں کو سیاحت کی کافی سہولیات بھی میسر آئیں گی ۔

اُنہوں نے تمام صوبائی محکموں کے سربراہان کو ہدایت کی کہ وہ اس طرح کے اقدامات کوفوری طور پر عملی جامہ پہنانے کیلئے اپنے اپنے محکموں میں علیحدہ سے بحالی و مرمت کے سیلز قائم کریں کیونکہ مروجہ طریقہ کار میں وقت کا ضیاع ہوتا ہے ۔غیر ضروری تاخیر سے قومی تعمیر کے محکموں کی ترقیاتی اور خوبصورتی کی سرگرمیاں بری طرح متاثر ہوتی ہیں ۔وزیراعلیٰ نے شانگلہ میں نئے سیاحتی مقام کا پر بانڈہ کو جانے والی سڑک کا بقیہ حصہ بھی تعمیر کرنے کی ہدایت کی اور متعلقہ حکام کو اس مقصد کیلئے وسائل کا انتظام کرنے کا حکم دیا ۔پرویز خٹک نے سیاحتی مقامات کو آؤٹ سورس کرنے کیلئے محکمہ سیاحت کو گلیات ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے ساتھ اجلاس منعقد کرنے کی ہدایت کی تاکہ عوام کو زیادہ سے زیادہ سہولیات دی جا سکیں۔

قبل ازیں اجلاس کو صوبے میں کھیلوں کے میدانوں کی ضلع وائز پیشر رفت پر بریفینگ دی گئی اور بتایا گیا کہ بنیادی طور پر صوبے کی ہر تحصیل میں کم ازکم ایک کھیل کا میدان تعمیر کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا جن میں سے بیشتر مکمل ہو چکے ہیں۔ بعض تحصیلوں میں سائٹ کی تبدیلی اور دیگر مسائل کی وجہ سے چند ایک گراؤنڈز زیر تعمیر ہیں جو جلد مکمل ہو جائیں گے ۔ تحصیل گراؤنڈز کے علاوہ سکولوں کی سطح پر بھی زیر تعمیر 30 سکولوں میں سے 20 مکمل کرلئے گئے ہیں جبکہ باقی ماندہ10 گراؤنڈز بھی آئندہ دو ماہ کے اندر مکمل کرلئے جائیں گے ۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ مختلف اضلاع میں نوجوانوں کے وسیع تر مفاد کے تحت وزیراعلیٰ کی ہدایات پر 30 نئے پراجیکٹس بھی قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا جن میں سے بیشتر مکمل ہیں۔ 76تحصیلوں ،30 سکولوں اور دیگر متفرق منصوبوں کو ملا کر مجموعی طور پرکھیلوں کے 130 منصوبوں میں سے 100 مکمل ہو چکے ہیں ۔آئندہ دو ماہ میں مزید 20 گراؤنڈز مکمل کرلئے جائیں گے ۔