80

آرمی چیف کاپاکستان آرڈیننس فیکٹری واہ کا دورہ

راولپنڈی۔آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے پاکستان آرڈیننس فیکٹری کو ملک کی سب سے بڑی دفاعی صنعت بنانے میں اس کے افسروں اور کارکنوں کے کردار کو سراہتے ہوئے دفاعی پیداوار کے شعبے میں مکمل خود انحصاری کیلئے ٹیکنالوجی کو اپ گریڈ کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے ۔ آئی ایس پی آر کے مطابق چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے بدھ کو پاکستان آرڈننس فیکٹری واہ کا دورہ کیا ۔ آرمی چیف کو پی او ایف کی کارکردگی اور نمو سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی جبکہ انہیں تحقیقی اور ترقیاتی منصوبوں مستقبل کے ویژن اور عملدرآمد کی حکمت عملی سے بھی آگاہ کیا گیا۔

جنرل قمر جاوید باجوہ نے اس موقع پر کئی منصوبوں کا افتتاح کیا جن میں یو ایف سی پلانٹ ، سٹیشن ہیڈ کوارٹر بلڈنگ ، پی او ایف کالونی سنجوال شامل تھے ۔ کالونی کے منصوبے سے 11 ہزار خاندان مستفید ہو سکیں گے ۔ یوایم ایف سی پلانٹ پی او ایف کے متعدد ترقیاتی منصوبوں میں سے ایک ہے جو نہ صرف دفاعی شعبے کی ضروریات پوری کریگا بلکہ ملک میں سویلین صنعتی ضروریات بھی پوری ہو سکیں گی۔

پی او ایف کے افسروں اور کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے پاک فوج کے سربراہ نے پی او ایف کو پاکستان کی سب سے بڑی دفاعی صنعت بنانے میں انکے گرانقدر کردار کو سراہا۔ آرمی چیف نے دفاعی پیداوار کے شعبے میں مکمل خود انخصاری کی غرض سے ٹیکنالوجی کے حوالے سے اپ گریڈیشن کی ضرورت پر زور دیا ۔ پاک فوج کے سربراہ نے قومی معیشت میں پی او ایف کے اہم کردار کر سراہتے ہوئے بزنس ماڈل کو فروغ دینے کی اہمیت اجاگر کی ۔ اس موقع پر سیکرٹری وزارت دفاعی پیداوار لیفیننٹ جنرل ر اعجاز چوہدری اور چیئرمین پاکستان آرڈننس فیکٹری لیفٹیننٹ جنرل عمر فارو ق درانی بھی دیگر اعلیٰ حکام کے ہمراہ موجود تھے ۔