83

ہزارہ موٹر وےٗ برہان شاہ مقصود سیکشن کا افتتاح 


اسلام آباد۔ہزارہ موٹر وے کے برہان شاہ مقصود سیکشن کا افتتاح آج ہو گا، 47 کلومیٹر طویل 6 لین کا یہ سیکشن پاک چین اقتصادی راہداری ( سی پیک) کا اہم حصہ ہے جس پر 2015 ء میں کام شروع ہوا جو 3سال سے بھی کم مدت میں مکمل کر لیا گیا، نیشنل ہائی ویز اتھارٹی کے حکام نے بتایاکہ پشاور اسلام آباد موٹر وے ایم ون کے بعد خیبر پختونخوا میں یہ دوسرا موٹر وے ہے، ہزارہ موٹر وے کو ایبٹ آباد کے ذریعے مانسہرہ تک توسیع دی جائیگی۔

حکام کے مطابق باقی ماندہ 12 کلومیٹر کا تعمیراتی کام جاری ہے جو آئندہ سال فروری تک مکمل کرلیاجائے گا۔ انہوں نے بتایاکہ آئندہ سال مئی تک حویلیاں تھاکوٹ موٹروے کا مانسہرہ تک کا سیکشن بھی ٹریفک کے لئے کھول دیا جائے گا۔ این ایچ اے حکام کے مطابق موٹر وے کی تکمیل سے ہزارہ ڈویژن کی عوام کو تجارت ، سیاحت ، صنعتی اور زرعی شعبوں میں اپنا بھرپور کردار ادا کرنے کے مواقع میسر آئیں گے ۔

اس سے ملکی معیشت کو فروغ ملے گا اور پاکستان کے لئے ترقی اور خوشحالی کے نئے دروازے کھلیں گے۔ یہ موٹر وے ہزارہ ڈویژن کی عوام کامطالبہ تھااور علاقے کے عوام کے لئے اقتصادی ترقی اور تجارتی سرگرمیوں کے فروغ کے لئے اہم سنگ میل کی حیثیت رکھتی ہے۔ اس سے اسلام آباد اور مانسہرہ کے درمیان سفر بھی دو گھنٹے سے کم وقت کا رہ جائے گا۔ یہ منصوبہ موجودہ حکومت کی طرف سے پاکستان میں روڈ انفراسٹرکچر کی توسیع اور اس میں جدت لانے کے ویژن کی عکاسی کرتا ہے۔