93

ایم ایم اے بحال ٗ جے آئی اور جے یو آئی ایک ہو گئے


پشاور۔ملکی سطح کے بعد صوبائی سطح پر بھی متحدہ مجلس عمل کو بحال کردیاگیاہے اور اس میں شامل جماعتوں نے آئندہ عام انتخابات میں مل کر حصہ لینے کا اعلان کردیاہے جبکہ جے یوآئی اورجماعت اسلامی نے واضح کردیا کہ جب بھی قیادت نے ہدایت کی24گھنٹوں کے اندرحکومتیں چھوڑ دینگے۔

جے یو آئی (ف)کے صوبائی سیکرٹریٹ میں منعقدہ اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے جے یو آئی کے صوبائی امیر مولانا گل نصیب خان نے کہا کہ متحدہ مجلس قوم کے لیے رحمت ہے اور ہم 2018 ء کا الیکشن مل کر لڑینگے۔انہوں نے کہا کہ متحدہ مجلس عمل ملک کی موجودہ صورت حال کو دیکھ کر بحال کی گئی اور ہم پوری قوت کے ساتھ 2018 کے الیکشن میں حصہ لینگے۔

اس موقع پر جماعت اسلامی کے صوبائی امیرمشتاق احمد خان نے کہا کہ متحدہ مجلس عمل صرف بحال نہیں فعال بھی ہوچکا ہے،سیکولر عناصر کو الوداع کہتا ہوں،امریکی ڈالر یا یورو ہمارے اتحاد کو نہیں توڑ سکتے۔انہوں نے کہا کہ ہمارا مشن وہی ہے جس کے لیے پاکستان بنایا گیا تھا، پاکستان کے مسائل کا حل اسلام اور شریعت میں ہے۔

انہوں نے کہا کہ ستر سال سے سیکولر قیادت پاکستان کے مسئلے حل نہیں کر سکی اوریہ حل صرف اسلامی جماعتوں ہی کے پاس ہے ۔انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں مجلس عمل کی مثال قائم کرینگے، 2002 ء کی تمام مذہبی جماعتیں ہمارے ساتھ شامل ہیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت کے ساتھ ہمارا اتحاد نہیں یہ صرف مخلوط حکومت ہے۔

انہوں نے کہا کہ سیکولر وہی ہے جو سود کے نظام کو سپورٹ کرتے ہیں, جو فحاشی پھیلانا چاہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ جیسے ہی قیادت حکم دے گی ہم 24گھنٹوں کے اندرحکومت سے الگ ہوجائیں گے۔