95

ریپڈ بس منصوبہ کی کھدائی کا 75فیصد کا م مکمل


پشاور۔وزیر اعلیٰ خیبر پختونحوا کے معاون خصوصی برائے ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ ملک شاہ محمد وزیر کی زیر صدارت پشاور بس ریپڈ پراجیکٹ کے حوالے سے ایک اعلیٰ سطح جائزہ اجلاس منگل کے روز پشاور میں منعقد ہوا ۔ اجلاس میں محکمہ ٹرانسپورٹ پشاور ڈیویلپمنٹ اتھارٹی بی آر ٹی کنٹریکٹرر کے متعلقہ حکام کے علاوہ بی آر ٹی کے فوکل پرسن نے بھی شرکت کی۔

اس موقع پر متعلقہ حکا م نے وزیراعلی کے معاون خصوصی ملک شاہ محمدوزیر کو بی آر ٹی منصوبے کی تعمیر پر اب تک ہونے والی پیش رفت سے متعلق تفصیلی طورپر آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ منصوبے پر 24 گھنٹے تین شفٹوں میں زور وشور سے کام جاری ہے۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ اب تک 75 فیصد کھدائی کا عمل مکمل کردیا گیا ہے جبکہ منصوبے کے ساتھ گذرنے والے سڑکوں کی کارپٹنگ پر بھی کام جاری ہے تاکہ ٹریفک کی روانی کو یقینی بنایا جاسکے۔

حکام نے مزید بتایا کہ بی آر ٹی کے روٹ کے علاوہ منصوبے میں شامل دیگر منصوبوں شاپنگ سنٹرز ‘ فوڈ کورٹس کی تعمیر پر بھی کام کا آغاز کر دیا گیا ہے یا۔ وزیر اعلی کے معاون خصوصی ملک شاہ محمدوزیر نے منصوبے پر اب تک ہونے والی پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ بی آر ٹی منصوبے کی تعمیر سے عوام کو کسی بھی تکلیف کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ انہوں نے کہاکہ سڑکوں کی کارپٹنگ کے عمل کو تیز کرنے کے علاوہ تمام حفاظی اقدامات کو بھی یقینی بنایا جائے۔