9

انگریزی میں وقت بتاتے وقت ’او کلاک‘ کیوں بولا جاتا ہے؟ جانئے صدیوں پرانی دلچسپ تاریخ

ہم روزمرہ کی گفتگو میں گھڑی دیکھتے ہوئے انگریزی میں ایک، دو یا تین بجے کے ساتھ ’او کلاک‘ (O’Clock) کا لفظ بڑی روانی سے استعمال کرتے ہیں، جیسے ’سیون او کلاک‘ یا ’تھری او کلاک‘ وغیرہ۔ لیکن کیا آپ نے کبھی سوچا ہے کہ اس بظاہر عام سے لفظ کے پیچھے انگریزی زبان کی کتنی پرانی تاریخ چھپی ہے؟

’او کلاک‘ دراصل کن الفاظ سے نکلا؟ یونیورسٹی آف مشی گن کی انگریزی زبان کی پروفیسر این کرزن (Anne Curzan) کے مطابق، ’او کلاک‘ کوئی نیا یا خود ساختہ لفظ نہیں بلکہ یہ دراصل انگریزی کے الفاظ ’آف دی کلاک‘ (Of the clock) کا مختصر اور بگڑا ہوا روپ ہے، جس کا لغوی مطلب ’گھڑی کے مطابق‘ بنتا ہے۔

آج کے جدید دور میں یہ بات شاید عجیب محسوس ہو کہ وقت بتانے کے لیے الگ سے گھڑی کا حوالہ دینے کی کیا ضرورت ہے، لیکن ماضی میں وقت معلوم کرنے کا طریقہ آج جیسا آسان نہیں تھا۔ مکینیکل گھڑیاں عام ہونے سے پہلے لوگ زیادہ تر سورج کی پوزیشن، اس کے سائے یا چرچ کی گھنٹیوں کی مدد سے وقت کا اندازہ لگایا کرتے تھے۔

تاریخی پس منظر اور ارتقا:

  • چودھویں صدی کا آغاز: چودھویں صدی میں جب یورپ کی عوامی عمارتوں اور گرجا گھروں پر وقت بتانے والی بڑی گھڑیاں نصب ہونا شروع ہوئیں، تب جاکر وقت معلوم کرنے کا ایک نیا اور مستند ذریعہ سامنے آیا۔ اس دور میں گھڑی کی گھنٹی بجنے سے لوگوں کو وقت کا پتا چلتا تھا۔

  • لفظ کی تبدیلی: اس زمانے میں اگر کسی کو تین بجے کا وقت بتانا ہوتا تو وہ ’تھری آف دی کلاک‘ کہتا تھا، یعنی ”گھڑی کے مطابق تین بجے ہیں۔“ وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ یہ طویل فقرہ زبان پر ہلکا ہوتے ہوتے پہلے ’تھری آف کلا‘ اور بالآخر مختصر ہوکر ’او کلاک‘ کی موجودہ شکل اختیار کر گیا۔

  • تحریری شواہد: زبان کی تاریخ پر تحقیق کرنے والے ماہرین کے مطابق ’آف دی کلاک‘ کی قدیم شکل چودھویں صدی کے آخر میں استعمال ہونے لگی تھی۔ تاریخی حوالوں کے مطابق 1389 کے ایک تحریری ریکارڈ میں ’آف دی کلاکے‘ (Of the clokke) کا لفظ بھی ملتا ہے۔

ماضی کے انوکھے انداز اور استعمال: اس لفظ کی تاریخ کا ایک اور دلچسپ پہلو یہ ہے کہ ماضی میں لوگ وقت پوچھنے کے لیے ایسے جملے بولتے تھے جو آج کے دور میں غیر معمولی محسوس ہوتے ہیں۔ پروفیسر این کرزن کے مطابق پہلے زمانے میں لوگ ’واٹ از او کلاک؟‘ یا ’واٹ او کلاک از اٹ؟‘ جیسے سوالات کیا کرتے تھے، جبکہ آج ہم عام طور پر صرف ’واٹ ٹائم اِز اِٹ؟‘ پوچھتے ہیں۔

جدید استعمال کی حدود: دلچسپ بات یہ ہے کہ وقت بتانے کے جدید اور ڈیجیٹل طریقے سامنے آنے کے باوجود ’او کلاک‘ آج بھی انگریزی زبان کا مستقل حصہ ہے۔ تاہم یہ بات ذہن میں رکھنی چاہیے کہ انگریزی میں ’او کلاک‘ کا استعمال عام طور پر صرف پورے گھنٹے (Full Hour) کے لیے کیا جاتا ہے، منٹس کے ساتھ نہیں۔ مثال کے طور پر 7 بجے کو ’سیون او کلاک‘ کہا جائے گا، لیکن 7 بج کر 30 منٹ کے لیے ’سیون تھرٹی‘ کہنا ہی درست اور مروجہ طریقہ ہے۔

یوں روزمرہ گفتگو میں استعمال ہونے والا یہ چھوٹا سا لفظ محض وقت کا تعین نہیں کرتا، بلکہ یہ اس پرانے دور کی یادگار ہے جب مکینیکل گھڑی کے مطابق وقت دیکھنا ایک نیا اور انقلابی تصور سمجھا جاتا تھا۔