8

190 ملین پاؤنڈ کیس: اسلام آباد ہائیکورٹ نے بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی سزاؤں کے خلاف اپیلیں 18 نومبر کو سماعت کے لیے مقرر کر دیں

اسلام آباد ہائیکورٹ نے 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس میں بانی پاکستان تحریک انصاف اور بشریٰ بی بی کی سزاؤں کے خلاف دائر اپیلوں پر سماعت کی تیاریاں مکمل کرتے ہوئے انہیں 18 نومبر کو سماعت کے لیے مقرر کر دیا ہے۔ عدالتِ عالیہ کے چیف جسٹس سرفراز ڈوگر اور جسٹس محمد آصف اس روز اپیلوں پر باضابطہ سماعت کرتے ہوئے وکلا سے دلائل طلب کریں گے۔

اس سے قبل کی جانے والی سماعت کا 2 صفحات پر مشتمل تحریری حکم نامہ بھی جاری کر دیا گیا ہے، جس میں عدالت نے 190 ملین پاؤنڈ اپیلوں کی پیپر بکس آئندہ 7 روز کے اندر تیار کرنے کی سخت ہدایت کی ہے۔

وکلا کی ملاقات اور عدالت کے آبزرویشنز: تحریری حکم نامے کے مطابق عدالت نے سینئر قانون دانوں سردار لطیف کھوسہ اور بیرسٹر سلمان صفدر کو بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی سے جیل میں ملاقات کرنے کی اجازت دے دی ہے۔ فیصلے میں واضح کیا گیا ہے کہ ایڈووکیٹ جنرل اس ملاقات کا بندوبست کرائیں گے اور اس کا دورانیہ ایک گھنٹے سے کم نہیں ہوگا۔ تاہم عدالت نے یہ امید ظاہر کی ہے کہ لطیف کھوسہ اور سلمان صفدر ملاقات کے دوران صرف اور صرف قانونی امور پر گفتگو کریں گے اور سیاسی معاملات پر بات کرنے سے گریز کریں گے۔

عدالت نے اپنے فیصلے میں مزید بتایا کہ سماعت کے دوران وکیل سلمان صفدر کا کہنا تھا کہ انہیں اپیل پر دلائل کے لیے ہدایات تو مل چکی ہیں، لیکن سابقہ ملاقات کا دورانیہ انتہائی کم ہونے کی وجہ سے تیاری میں دشواری کا سامنا ہے۔ جبکہ لطیف کھوسہ کا مؤقف تھا کہ مناسب ملاقات نہ ہونے کے سبب وہ فی الحال مکمل دلائل دینے سے قاصر ہیں۔ وکلا کی اس مشترکہ استدعا پر عدالت نے دلائل کی تیاری کے لیے ایک ہفتے کا وقت دیتے ہوئے کیس کی اگلی تاریخ 18 نومبر مقرر کر دی ہے۔