ملک میں مہنگائی کی شرح میں اضافے کا رجحان بدستور جاری ہے، حالیہ ہفتے کے دوران ہفتہ وار مہنگائی میں 0.46 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ سالانہ شرح بڑھ کر 11.21 فیصد ہوگئی۔
وفاقی ادارہ شماریات کی جانب سے جاری ہفتہ وار مہنگائی کی رپورٹ کے مطابق ایک ہفتے کے دوران 19 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہوا، 9 اشیا سستی ہوئیں جبکہ 23 اشیا کے نرخ مستحکم رہے۔
رپورٹ کے مطابق حالیہ ہفتے ٹماٹر کی قیمت میں 12.06 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ انڈے 5.98 فیصد، آلو 2.42 فیصد اور لہسن 1.76 فیصد مہنگے ہوئے۔ اس کے علاوہ مرغی، ایل پی جی اور گوشت کی قیمتوں میں بھی اضافہ دیکھا گیا۔
دوسری جانب پیٹرول کی قیمت میں 7.42 فیصد اور ڈیزل کی قیمت میں 6.1 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی، جبکہ پیاز، کیلا، گڑ اور چینی بھی سستی ہونے والی اشیا میں شامل ہیں۔
وفاقی ادارہ شماریات کے مطابق سالانہ بنیاد پر آلو 36.41 فیصد، چینی 24.54 فیصد، انڈے 23.29 فیصد اور کیلے 3.39 فیصد سستے ہوئے۔
تاہم سالانہ بنیاد پر ٹماٹر کی قیمت میں 78.94 فیصد اور پیاز کی قیمت میں 19.67 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس کے باعث مہنگائی کا دباؤ بدستور برقرار ہے۔









