215

عائشہ گلالئی کا نئی سیاسی جماعت بنانے کااعلان

نوشہرہ۔تحریک انصاف کی منحرف رکن قومی اسمبلی عائشہ گلالئی نے تحریک انصاف (عائشہ گلالئی) کے نام سے سیاسی جماعت بنانے کااعلان کردیا جس کا باقاعدہ اعلان 2018 کے پہلے ہفتے میں کیاجائے گا اور PTIکے تمام نظریاتی وبانی اراکین اسمبلی اور کارکنوں جنہیں ہمیشہ نظرانداز کرکے دیوار کے ساتھ لگایا گیا ہے ان کی احساس محرومیوں کے ازالے کیلئے ان کو اکھٹا کرکے ایک پلیٹ فارم پر متحد کرکے 2018 کے الیکشن میں بھرپور حصہ لیں گے ان خیالات کااظہار عائشہ گلالئی نے نوشہرہ کینٹ میں ممتاز سماجی شخصیت خان پرویز کے بھائی ملک اصغر کی وفات پر اظہار تعزیت کرنے کے بعد نوشہرہ پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا عائشہ گلالئی نے کہا کہ صوبائی حکومت عوام کو تحفظ فراہم کرنے میں ناکام ہوچکی ہے اور کسی کی جان ومال محفوظ نہیں صوبائی حکومت عوام کے مسائل حل کرنے میں ناکام ہوچکی ہے اور صوبے میں کرپشن اور اقربا ء پروری عروج ہے۔

وزیر اعلیٰ اور ان کا خاندان کرپشن میں بازی لے چکا ہے انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے ملک کی تقدیر کے ساتھ کھیلاجارہا ہے صوبائی حکومت نے عوام کی خدمت کی بجائے چار سال دھرنوں کے دوران ناچ گانوں پر گزار دیا ایک سوال کے جواب نے انہوں نے کہا کہ جہانگیر ترین سیاست دان نہیں ایک بزنس مین ہے۔

انہوں نے کہا کہ 2018کے آغاز پر تحریک انصاف گلالئی کے نام پر سیاسی جماعت تشکیل دوں گی اور جس میں تمام پی ٹی آئی کے نظریاتی اور بانی کارکنوں کو شامل کروں گی اور جماعت کو منظم اور مضبوط بنانے کیلئے پورے پاکستان کے دورے کروں گی انہوں نے کہا کہ پنجاب کے وزیراعلیٰ شہبازشریف ایک کارکردگی کے لحاظ سے ایک بہترین وزیراعلیٰ ہے اور کے پی کے کے وزیراور سندھ کے وزیرائے اعلیٰ سے ان کی کارکردگی کئی گنا بہتر ہے انہوں نے کہا کہ عمران نیازی والا معاملہ کا فیصلہ پارلیمانی کمیٹی کرچکی ہے جس کے باعث عمران نیازی پارلیمنٹ میں قدم نہیں رکھ سکتا۔