349

فاٹا میں اسلام آباد ہائیکورٹ بینچ بنانے کا فیصلہ موخر 


اسلام آباد۔وفاقی حکومت کا فاٹا میں اسلام آباد ہائی کورٹ کابینچ قائم کرنے کا پروگرام موؔ خر کردیا ہے ۔ یہ فیصلہ فاٹا کا کے پی کے میں انضمام کے نتیجہ میں کیا گیا ہے ۔ وفاقی حکومت نے چند سال قبل فیصلہ کیا تھا کہ فاٹا میں ایک ڈویژنل بینچ قائم کیاجائیگاجو لو گوں کے مقدمات کی سماعت کرے گا۔ اس بینچ کا مقام خیبر ایجنسی کے ہیڈ کوارٹر کو منتخب کیا گیا تھا۔ فاٹا وفاق کے زیر انتظام علاقہ ہے اور وفاقی علاقوں کے عوام کا ہائی کورٹ اسلام آباد ہائیکورٹ ہے۔

فاٹا کے عوام کی مشکلات کو پیش نظر رکھتے ہوئے حکومت نے دو رکنی بینچ فاٹا میں قائم کرنے کا فیصلہ کیا تھااور اس مقصد کیلئے باقاعدہ ایک بل بھی پارلیمنٹ میں پیش کیا تھا اب فاٹا کا کے پی کے میں انضمام کے نتیجہ میں حکومت نے تاحکم ثانی اس منصوبہ پر کام روک دیا ہے۔ وزارت قانون کے ذرائع کے مطابق نئے بینچ کے قیام کا فیصلہ فاٹا انضمام کے بعد کیا جائے گا ۔ فاٹا کے عوام او رسیڈرز کا مطالبہ ہے کہ فاٹا کو کے پی کے میں ضم کردیا جائے ۔

اگر یہ فیصلہ ہو جاتا ہے تو فاٹا کے عوام اپنے عدالتی فیصلوں کی اپیلیں پشاور ہائی کورٹ میں فائل کریں گے ۔ اگر انضمام نہ ہوسکا تو پھر حکومت فاٹا میں اسلام آباد ہائی کورٹ کی ڈویژنل بینچ بنائے گی ۔