115

بابائے قوم قائداعظم کا 141واں یوم پیدائش کل منایا جا رہا ہے 

لاہور ۔ بابائے قوم قائداعظم محمدعلی جناح ؒ کا 141واں یوم پیدائش کل بروز 25دسمبر کو صوبائی دارالحکومت لاہور سمیت ملک بھر میں نہایت جوش و جذبے کے ساتھ منایا جائیگااور آج ملک بھرمیں عام تعطیل ہوگی جبکہ اس دن کی مناسبت سے مختلف سیاسی و سماجی و دیگر تنظیموں کے زیر اہتمام قائد اعظم محمد علی جناح ؒ کی سالگرہ کے کیک کاٹے جائیں گے اورمختلف سیمینارز ،کانفرنسز اور مذاکراوں کابھی اہتمام کیا جائیگا جبکہ مزار قائد پر گارڈزکی پروقار تقریب بھی منعقد ہوئی اور مختلف سیاسی و سماجی شخصیات مزار قائد پر حاضری دیکر پھولوں کی چادریں بھی چڑھائیں گی اور فاتحہ خوانی بھی کرینگے۔

صوبائی دارالحکومت لاہور میں بھی کل کئی تقریبات کا انعقاد کیا جائیگا جن میں قائداعظم محمد علی جناح ؒ کے یوم پیدائش کے موقع پر کیک کاٹے جائیں گے اور ان کو زبردست الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا جائیگا اور بانی پاکستان کو ان کی گرانقدر خدمات اور برصغیرکے مسلمانوں کیلئے آزاد اور خود مختار وطن پاکستان کے خواب کو شرمندہ تعبیر بنانے کیلئے جدوجہد پر شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا جائے گا ۔

اس دن ریڈیو پاکستان کی جانب سے بانیِ پاکستان قائداعظم محمد علی جناح ؒ کے یومِ پیدائش پر خراج عقیدت پیش کرنے اور قوم کے لیے ان کی انتھک جدوجہد کو اجاگر کرنے کیلئے خصوصی پروگرام پیش کئے جائینگے جس کا سلسلہ گزشتہ کئی دنوں سے جاری ہے جبکہ حکمران جماعت مسلم لیگ ن لاہور کی جانب سے بھی قائد اعظم محمد علی جناح ؒ کے یوم پیدائش پر مختلف تقریبات کا انعقاد کیا جائیگا اور نظریہ پاکستان فاؤنڈیشن اور تحریک پاکستان ورکرز ٹرسٹ و دیگر تنظیموں کے زیر اہتمام بھی خصوصی تقریبات منعقد کی جائیں گی۔