وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ آئین کے تحت حاصل اختیارات احتجاج میں خم ٹھوک کر استعمال کروں گا۔
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں اب عدلیہ سے کوئی امید نہیں ہے۔ ہمارے پاس آئینی راستہ موجود ہے اور وہ احتجاج کا راستہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم اپنا حق حاصل کرنے کے لیے تحریک کی طرف جائیں گے۔ اور آئین کے تحت حاصل اختیارات احتجاج میں خم ٹھوک کر استعمال کروں گا۔
بجٹ کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ میری بانی پی ٹی آئی عمران خان سے تفصیلی ملاقات ہوئی ہے۔ ہمارا بجٹ آنے والا ہے۔ اور اس حوالے سے معاشی ٹیم کی ملاقات بجٹ سے پہلے کرائیں گے۔ اور اگر ملاقات نہیں کرائی گئی تو پھر لائحہ عمل طے کریں گے۔
علی امین گنڈاپور نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے فنڈز انسانی فلاح پر لگانے کا حکم دیا ہے. ہم نے ویلفئیر پر کام کرنا ہے۔ اور جو علاقے پیچھے رہ گئے ہیں ان کو اوپر لانا ہے۔
بانی پی ٹی آئی کے مقدمات کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہی ڈرامے بازی۔ پراسیکیوٹر کہہ رہا تھا کہ رات پتا چلا ہے کہ پیشی ہے۔ پراسیکیوشن تاخیر کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ عدلیہ اب آزاد نہیں رہی، کہیں سے نہیں لگ رہا کہ ہمیں انصاف ملے گا۔ ہمیں کچھ نظر نہیں آرہا ہم احتجاج کا حق رکھتے ہیں۔ پاکستان کے لیڈر کو جیل میں رکھا گیا ہے۔ اب ہم نے تحریک سڑکوں پر چلانی ہے اور اس کو ہم حاصل کر کے رہیں گے۔