2

سعودی عرب میں شدید بارشوں کا الرٹ جاری

سعودی عرب کے جنرل ڈائریکٹوریٹ آف سول ڈیفنس نے مملکت کے بیشتر علاقوں میں پیر تک گرج چمک کے ساتھ بارشوں کا الرٹ جاری کردیا ہے، جبکہ بعض مقامات پر شدید بارشوں کے باعث سیلابی صورتحال پیدا ہونے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔

سعودی خبر رساں ادارے کے مطابق مکہ مکرمہ، جازان، عسیر، الباحہ، مدینہ منورہ، حائل اور قصیم ریجن میں درمیانے درجے سے شدید بارش ہونے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

رپورٹ کے مطابق شدید بارشوں کے نتیجے میں سیلاب، ژالہ باری اور گرد آلود ہوائیں چلنے کا امکان ہے، جبکہ الشرقیہ، تبوک، الجوف اور حدود الشمالیہ کے علاقوں میں ہلکی سے درمیانے درجے کی بارش متوقع ہے۔

شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت

سعودی عرب کے سول ڈیفنس نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور محفوظ مقامات پر رہیں۔ شہریوں کو سیلابی ریلوں، وادیوں اور نشیبی علاقوں سے دور رہنے کا مشورہ بھی دیا گیا ہے۔

حکام کے مطابق بارش کے پانی سے بھرے مقامات پر تیراکی سے گریز کیا جائے اور شہری دفاع کی جانب سے سرکاری ذرائع اور سوشل میڈیا پر جاری کردہ ہدایات پر عمل کیا جائے۔

نومبر سعودی عرب میں زیادہ بارش والے مہینوں میں شامل

نیشنل سینٹر فار میٹرولوجی کے اعداد و شمار کے مطابق سعودی عرب میں نومبر کے دوران اوسطاً 13.29 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی جاتی رہی ہے، جس کے باعث یہ مملکت میں نسبتاً زیادہ بارش والے مہینوں میں دوسرے نمبر پر آتا ہے۔

حکام نے شہریوں پر زور دیا ہے کہ موسم کی تازہ صورتحال سے باخبر رہیں اور بارشوں کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں، خصوصاً ان علاقوں میں جہاں سیلابی ریلوں کا خطرہ موجود ہو۔