2

ایران نے جدید خودکش ڈرونز کی ویڈیو جاری کر دی، آرمی چیف کا بڑا دعویٰ سامنے آ گیا

ایران نے مقامی سطح پر تیار کیے جانے والے جدید جنگی اور خودکش ڈرونز کی تیاری کے عمل کی ویڈیو جاری کردی۔ ایرانی آرمی چیف میجر جنرل امیر حاتمی نے کہا ہے کہ ایرانی فوج ہر قسم کی جنگ کے لیے مکمل طور پر تیار ہے۔

ایرانی میڈیا کے مطابق میجر جنرل امیر حاتمی نے جنگی اور حملہ آور ڈرونز تیار کرنے والی تنصیب کا دورہ کیا، جہاں انہیں ڈرون ٹیکنالوجی اور تیاری کے مختلف مراحل کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔

ایرانی آرمی چیف نے کہا کہ ملک نے ڈرون ٹیکنالوجی میں نمایاں پیش رفت اور پختگی حاصل کرلی ہے۔ ان کے بقول، حالیہ جنگ کے دوران ایرانی فوج نے ایسے ہتھیار استعمال کیے جنہوں نے مخالف فریق کو حیران کیا اور اسے بھاری نقصان پہنچایا۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ ممکنہ جنگ کی صورت میں ایران معیار اور تعداد، دونوں اعتبار سے بہتر پوزیشن میں ہے، جبکہ ایرانی فوج مخالف فریق کی حکمت عملی سے بھی آگاہ ہے۔

میجر جنرل امیر حاتمی کے مطابق ڈرونز، بغیر پائلٹ بحری جہازوں اور چھوٹے فضائی طیاروں کے استعمال کا دائرہ مسلسل وسیع ہو رہا ہے، جس سے جدید جنگی حکمت عملی میں ان ٹیکنالوجیز کی اہمیت بڑھ رہی ہے۔

ایرانی فوج کی جانب سے جدید ڈرونز کی تیاری کی ویڈیو ایسے وقت میں جاری کی گئی ہے جب خطے میں سکیورٹی صورت حال اور ایران کے خلاف ممکنہ فوجی کارروائیوں سے متعلق خدشات زیرِ بحث ہیں۔

دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ امریکا اور ایران کے درمیان فی الحال کوئی مذاکرات نہیں ہو رہے، تاہم بہت جلد کسی نہ کسی صورت میں پیش رفت متوقع ہے۔

اس سے قبل امریکی اخبار نیویارک ٹائمز کی ایک رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ امریکا اور اسرائیل امریکی وسط مدتی انتخابات کے بعد ایران پر دوبارہ بڑے حملوں کے منصوبے تیار کر رہے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق دونوں ممالک کی افواج ممکنہ کارروائیوں کے لیے مشقیں بھی تیز کر چکی ہیں۔

رپورٹ میں ممکنہ اہداف میں ایران کی جوہری تنصیبات، میزائل اور ڈرون ذخائر اور توانائی کے بنیادی ڈھانچے کا ذکر کیا گیا تھا۔ تاہم، ان منصوبوں اور ممکنہ حملوں سے متعلق دعوؤں کی آزادانہ تصدیق سامنے نہیں آئی۔

ایران کی جانب سے جدید ڈرونز کی تیاری کی ویڈیو جاری کرنے کو خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے دوران اپنی دفاعی صلاحیتوں کا اظہار قرار دیا جا رہا ہے۔