عید الاضحیٰ کے موقع پر سٹیٹ بینک آف پاکستان نے ملک بھر میں مویشی منڈیوں میں ڈیجیٹل ادائیگیوں کے فروغ کیلئے ایک جامع مہم کا آغاز کر دیا ہے۔ اس اقدام کا مقصد حکومت کے نقدی سے پاک معیشت کے ویژن کو عملی جامہ پہنانا ہے۔
سٹیٹ بینک کی جانب سے صوبائی محکمہ خزانہ کو ارسال کردہ خط میں بتایا گیا ہے کہ ہر سال تقریباً 60 لاکھ جانوروں کی خرید و فروخت زیادہ تر نقد رقم کے ذریعے ہوتی ہے، جس سے نہ صرف انتظامی مشکلات پیدا ہوتی ہیں بلکہ سیکیورٹی خدشات بھی جنم لیتے ہیں۔
اس تناظر میں، سٹیٹ بینک کی ٹیمیں ضلعی انتظامیہ اور منتخب بینکوں کے ساتھ مل کر مویشی منڈیوں میں خصوصی کیمپ لگائیں گی جہاں خریدار اور فروخت کنندگان کو "راست" نظام، کیو آر کوڈز، موبائل وینز اور دیگر ڈیجیٹل ادائیگی کے ذرائع فراہم کیے جائیں گے۔
مہم کے دوران عوامی آگاہی کیلئے سوشل اور الیکٹرانک میڈیا پر بھی خصوصی مہم چلائی جائے گی۔ سٹیٹ بینک نے ضلعی انتظامیہ سے بھرپور تعاون کی درخواست کی ہے تاکہ ڈیجیٹل ادائیگیوں کے محفوظ اور جدید نظام کو فروغ دیا جا سکے۔
