اسلام آباد: بین الاقوامی شہرت یافتہ جریدے دی ڈپلومیٹ نے اپنی تازہ رپورٹ میں پاک بھارت حالیہ جنگ میں پاکستان کی فتح اور بھارت کی سفارتی و عسکری ناکامی کو تسلیم کر لیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق بھارت کو عسکری محاذ پر پاکستان کے جوابی حملوں کے سامنے شکست کا سامنا کرنا پڑا، جب کہ سفارتی سطح پر بھی اسے عالمی تنقید اور خفت اٹھانا پڑی۔ دی ڈپلومیٹ کا کہنا ہے کہ پاکستان نے اپنی دفاعی تیاریوں اور سیاسی بصیرت سے دنیا کو متاثر کیا ہے۔
جریدے نے اس بات پر بھی روشنی ڈالی کہ پاکستان اور چین کے دفاعی اشتراک نے بھارتی ایئر فورس کو شدید نقصان پہنچایا۔ خاص طور پر رافیل طیاروں کی تباہی نے بھارت کو عالمی سطح پر شرمندہ کیا۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پہلگام واقعے کے بعد بھارت نے پاکستان پر الزامات لگائے لیکن کوئی قابل قبول ثبوت پیش نہ کر سکا۔ اس کے برعکس، پاکستان کی مؤثر حکمت عملی اور سفارتی برتری نے بھارت کی چالوں کو ناکام بنایا۔
دی ڈپلومیٹ کے مطابق امریکہ سمیت عالمی برادری نے بھی پاکستانی مؤقف کو سراہا، جس سے پاکستان کی بین الاقوامی ساکھ مزید مضبوط ہوئی ہے۔
