پاکستان ایئر فورس کے ایئر وائس مارشل اورنگزیب احمد حالیہ دنوں میں سوشل میڈیا اور گوگل پر سب سے زیادہ سرچ کی جانے والی شخصیت بن گئے۔ بھارت کے ساتھ بڑھتی ہوئی کشیدگی کے پس منظر میں ان کا اندازِ بیان اور مزاح سے بھرپور انداز انہیں عوام میں مقبول بنا گیا۔
گوگل ٹرینڈز کے مطابق 12 مئی کی رات "Aurangzeb" کے نام کی تلاش نے تمام ریکارڈ توڑ دیے، اور یہ ہفتے کی سب سے زیادہ سرچ کی جانے والی اصطلاح بن گئی۔ ایک نیوز بریفنگ کے دوران ان کی دلچسپ گفتگو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی، جس میں انہوں نے کہا: "جہاں سے پچھلے روز چھوڑی تھی، وہیں سے بات شروع کروں گا یعنی پی اے ایف بمقابلہ آئی اے ایف، مقابلہ چھ صفر سے ہمارے حق میں رہا۔"
یہ بیان اس وقت سامنے آیا جب پاکستان کی فضائی کارروائیوں میں بھارتی فضائیہ کے 6 اہداف کو نشانہ بنایا گیا، جن میں 3 رافیل، ایک SU-30، ایک MiG-29 اور ایک ڈرون شامل تھے۔ ایئر وائس مارشل کے مطابق یہ کارروائیاں "آپریشن بُنیان المرصوص" کے تحت کی گئیں، جو بھارت کی شہری آبادی پر حملوں کے ردعمل میں لانچ کیا گیا تھا۔
دلچسپ طور پر، بھارت میں اسی دوران "Ceasefire meaning" کو بھی 1 کروڑ سے زائد بار تلاش کیا گیا، جو خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کی عکاسی کرتا ہے۔