پشاور: پنجاب اور خیبرپختونخوا میں شدید گرمی کے بعد موسم میں بڑی تبدیلی کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ پی ڈی ایم اے کے مطابق مغربی ہواؤں کا سلسلہ 19 مئی کو پنجاب میں داخل ہوگا جس کے نتیجے میں 19 اور 20 مئی کو بیشتر اضلاع میں آندھی، گرج چمک اور بارش کا امکان ہے۔
پی ڈی ایم اے پنجاب کے ترجمان نے بتایا کہ 15 سے 19 مئی تک پنجاب کے میدانی علاقوں میں ہیٹ ویو کی صورتحال برقرار رہے گی اور درجہ حرارت غیرمعمولی حد تک بڑھنے کی توقع ہے۔
ادھر پی ڈی ایم اے خیبرپختونخوا کے مطابق صوبے کے بالائی علاقوں میں بھی 19 مئی سے بارش اور ژالہ باری کا امکان ہے، جب کہ موجودہ ہفتے کے دوران صوبے میں شدید گرمی کی لہر برقرار رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
ترجمان پی ڈی ایم اے نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ سورج کی تیز روشنی میں باہر نکلنے سے گریز کریں اور تمام متعلقہ اداروں کو ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔
.jpg)