37

پی سی اے اے نے ایوی ایشن سیکیورٹی میں نیا سنگ میل عبور کرلیا

پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی (پی سی اے اے) نے ایوی ایشن سیکیورٹی کے میدان میں ایک اور اہم سنگ میل عبور کر لیا ہے۔ یو کے ڈی ایف ٹی کے تعاون سے پاکستان کے سیکیورٹی افسران کو بین الاقوامی سطح کی تربیت دی گئی ہے، جس کے بعد وہ عالمی سطح پر تصدیق شدہ انسپکٹرز بن گئے ہیں۔
یہ تربیت آئی سی اے او سے منظور شدہ یو کے ڈی ایف ٹی انسٹرکٹرز نے پاکستان میں فراہم کی، جس سے نہ صرف ملکی سیکیورٹی نظام کو تقویت ملی بلکہ برصغیر میں پاکستان کی برتری کو مزید مستحکم کیا گیا۔
ترجمان کے مطابق فرانس اور جنوبی کوریا کی سول ایوی ایشن اتھارٹیز کے اشتراک سے پاکستانی افسران کو اعلیٰ تعلیم اور تربیتی پروگراموں میں شرکت کے مواقع بھی ملے ہیں۔ وزیر اور سیکرٹری دفاع کے ویژن کے مطابق ایوی ایشن ریگولیٹری مہارت میں تیزی سے بہتری لائی جا رہی ہے۔
ترجمان سی اے اے کا کہنا ہے کہ پاکستان اب عالمی ایوی ایشن اداروں میں ایک مؤثر اور مضبوط آواز کے طور پر ابھرنے کے قریب ہے، اور حالیہ اقدامات عالمی ساکھ میں مزید اضافہ کریں گے۔