107

مسئلہ کشمیر کی وجہ سے برصغیر کا امن داؤ پر لگا ہے، صدر ممنون حسین 

اسلام آباد۔صدر پاکستان ممنون حسین نے کہا ہے کہ دہشت گردی سے جنوبی ایشیاء اور مشرقِ وسطیٰ سب سے زیادہ متاثر ہوئے ‘پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں جتنی قربانیاں دیں اس کی مثال نہیں ملتی‘ بہت جلد پاکستان سے دہشت گردی کو مکمل طور پر ختم کردیا جائے گا‘ مسئلہ کشمیر کی وجہ سے برصغیر کا امن داؤ پر لگا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے وفاقی اسلام آباد میں دہشت گردی کے مسائل اور بین الاعلاقائی روابط کے عنوان سے 6 ملکی سپیکرز کانفرنس کے افتتاحی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔کانفرنس میں پاکستان، چین، روس، افغانستان، ایران اور ترکی کے اسپیکرز اسمبلی نے اپنے پارلیمانی وفود کے ہمراہ شرکت کی۔صدر ممنون حسین نے کہا کہ ورلڈ ٹریڈ سینٹر پر ہونے والے حملے کے بعد سے دنیا کے حالات یکسر تبدیل ہوگئے اور دنیا بھر میں دہشت گردی مزید پھیل گئی۔

انہوں نے کہا کہ سی پیک خطے میں ایک نئی روح پھونک دے گا جبکہ پاکستان خطے کی ترقی اور خوشحالی کے لیے اپنا کردار با احسن و خوبی ادا کررہا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان پورے خطے کے ممالک کو سی پیک میں شامل ہونے کی دعوت دیتا ہے کیونکہ سی پیک کے فعال ہونے میں زیادہ دیر نہیں رہی۔

صدرِ نے کہا کہ سی پیک اور چین کا ون بیلٹ ون روڈ منصوبہ خطے میں انقلابی تبدیلی لائے گا اور اس سے دنیا کے زیادہ تر ممالک کو ایک دوسرے کے قریب آجائیں گے۔ صدر ممنون حسین نے مزید کہا کہ پاکستان کی جغرافیائی قربت تاریخ کا دھارا بدلنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔