کراچی: فلائٹ آپریشن میں تاخیر کے باعث کراچی ایئرپورٹ کو رات 12 بجے تک بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جس کا اعلان نئے نوٹم کے ذریعے کیا گیا۔
ائیرپورٹ حکام کے مطابق آپریشنل وجوہات کی بنا پر دن 11 بجے سے فلائٹ آپریشن معطل کیا گیا تھا، اور اب اس بندش کو مزید 6 گھنٹے بڑھا دیا گیا ہے۔ اس بندش کے باعث مختلف غیر ملکی ایئرلائنز جیسے قطر، فلائی دبئی، ائیر عربیہ اور جزیرہ ایئر کی پروازیں کئی گھنٹوں سے روانگی کی منتظر ہیں۔
ذرائع کے مطابق اب تک کراچی سے 43 پروازیں منسوخ ہو چکی ہیں جبکہ 65 پروازوں کی روانگی غیر یقینی صورتحال سے دوچار ہے۔ ائیرپورٹ کی بندش کے باعث مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
