واشنگٹن: معروف امریکی اخبار "واشنگٹن پوسٹ" نے اپنے اداریے میں کہا ہے کہ پاکستان کی جانب سے بھارتی جنگی طیارے مار گرانا اس کی دفاعی صلاحیت اور جوابی وار کی مکمل استعداد کا مظہر ہے، جس نے بھارت کو واضح نقصان پہنچایا۔
اداریے میں یہ بھی خبردار کیا گیا ہے کہ پاکستان اور بھارت جیسے ایٹمی طاقتوں کے درمیان اگر سنجیدہ مذاکرات نہ ہوئے تو صورتحال انتہائی خطرناک رخ اختیار کر سکتی ہے۔ اخبار کے مطابق یہ 1971ء کے بعد پہلا موقع ہے کہ بھارت نے پنجاب میں حملہ کیا، جس پر پاکستان نے بھرپور اور مؤثر ردعمل دیا۔
اداریے میں امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو کی ثالثی کوششوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا گیا کہ دونوں ممالک کو تحمل اور مذاکرات کا راستہ اختیار کرنا چاہیے۔ اخبار نے تجویز دی کہ بھارت سندھ طاس معاہدے کی بحالی سے مثبت پیغام دے سکتا ہے، اور پاکستان بھی سفارتی اقدامات اٹھا سکتا ہے۔
اخبار نے زور دیا کہ دونوں ممالک کو عسکری اور سفارتی بیک چینل روابط بحال کر کے بحران پر قابو پانے کی کوشش کرنی چاہیے، جبکہ چین جیسے قریبی ملک پاکستان کو مؤثر سفارتی بیانیہ تیار کرنے میں مدد دے سکتا ہے۔
