وزیر دفاع خواجہ آصف نے ایک پریس کانفرنس میں دعویٰ کیا ہے کہ پاکستان کے خفیہ اداروں کے پاس ایسی اطلاعات موجود ہیں جن کے مطابق بھارت پاکستان کے شہری علاقوں میں دہشت گرد حملے کرنے کی تیاری کر رہا ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر پاکستان کو نشانہ بنایا گیا تو بھارت کو اس کا بھرپور جواب دیا جائے گا اور بھارتی عوام بھی اس ردعمل سے محفوظ نہیں رہیں گے۔
انہوں نے الزام لگایا کہ بلوچستان میں سرگرم دہشت گرد تنظیمیں، جیسے بی ایل اے اور ٹی ٹی پی، بھارتی سرپرستی میں کام کر رہی ہیں۔ خواجہ آصف نے کہا کہ بھارت کی جانب سے افغانستان میں بیٹھ کر پاکستان کے خلاف کارروائیاں کرائی جا رہی ہیں اور بھارت کی دہشت گردی کے خلاف سب سے مضبوط ثبوت کلبھوشن یادیو کی موجودگی ہے، جو اس وقت پاکستان کی حراست میں ہے۔
وزیر دفاع نے مزید کہا کہ بھارت نے بین الاقوامی سطح پر بھی دہشت گردی کو فروغ دیا ہے، جس کے خلاف کینیڈا نے شدید احتجاج کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کسی بھی قسم کے بین الاقوامی دباؤ کے آگے نہیں جھکے گا اور اپنی خودمختاری کا ہر قیمت پر تحفظ کرے گا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی فوج اور عوام اپنی سرزمین کی حفاظت کے لیے ہر وقت تیار ہیں، اور اگر دشمن نے پروپیگنڈا یا جارحیت کو عملی قدم میں بدلا، تو اس کا فوری اور مؤثر جواب دیا جائے گا۔