نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور جڑواں شہر راولپنڈی کے لیے شدید موسمی الرٹ جاری کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ آئندہ 8 سے 10 گھنٹوں کے دوران ان علاقوں میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش اور ژالہ باری کا امکان ہے۔
این ڈی ایم اے کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ موجودہ موسمی نظام کے باعث تیز ہوائیں درختوں کو جڑ سے اکھاڑ سکتی ہیں، جبکہ بجلی کی ترسیل میں بھی خلل پیدا ہونے کا خطرہ موجود ہے۔ شدید بارش اور ژالہ باری کے نتیجے میں کمزور عمارتوں کو نقصان پہنچ سکتا ہے اور فصلیں بھی متاثر ہو سکتی ہیں۔
اتھارٹی نے شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ تیز بارش کے دوران سڑکوں پر پھسلن بڑھنے سے حادثات کے امکانات میں اضافہ ہو جاتا ہے، جبکہ حدِ نگاہ بھی کم ہو سکتی ہے۔ عوام سے کہا گیا ہے کہ وہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور اگر سفر کرنا ضروری ہو تو ٹریفک کی صورتحال معلوم کر کے روانہ ہوں۔
مزید برآں، این ڈی ایم اے نے ہدایت دی ہے کہ لینڈ سلائیڈنگ کے خطرے والے علاقوں میں بسنے والے افراد خاص احتیاط برتیں اور مقامی انتظامیہ کی ہدایات پر سختی سے عمل کریں۔ شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ بروقت معلومات کے حصول کے لیے این ڈی ایم اے کی موبائل ایپ استعمال کریں۔
دوسری طرف، اتوار کے روز اسلام آباد اور راولپنڈی میں ہلکی سے درمیانے درجے کی بارش اور ژالہ باری کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری رہا، جس کے بعد شہریوں نے احتیاطی تدابیر اختیار کرتے ہوئے اپنی گاڑیوں کو چھتوں تلے یا محفوظ مقامات پر منتقل کرنا شروع کردیا ہے۔
محکمہ موسمیات نے بھی اگلے چند دنوں میں مزید بارشوں کی پیش گوئی کی ہے، جس کے پیش نظر این ڈی ایم اے اور متعلقہ ادارے الرٹ ہیں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیاری مکمل ہے۔