اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے واضح اعلان کیا ہے کہ پاکستان میں غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں کے انخلا کی حتمی تاریخ 30 اپریل ہے، جس میں مزید کسی قسم کی توسیع نہیں کی جائے گی۔
طلال چوہدری نے دوٹوک انداز میں کہا کہ 30 اپریل کے بعد کوئی بھی غیر ملکی شہری بغیر ویزے کے پاکستان میں نہیں رہ سکے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ فیصلہ قومی سلامتی اور امیگریشن قوانین کو مؤثر بنانے کے لیے کیا گیا ہے۔
وزیر مملکت نے یہ بھی بتایا کہ غیر قانونی افغان شہریوں کو ملازمت دینے، رہائش یا کاروبار کے لیے جگہ فراہم کرنے والے پاکستانی شہریوں کے خلاف بھی سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے واضح ہدایت دی ہے کہ اس معاملے میں کسی قسم کی نرمی نہیں برتی جائے گی۔
انہوں نے مزید بتایا کہ افغان حکومت کے ساتھ اس سلسلے میں رابطے جاری ہیں اور اسی مقصد کے لیے نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کی قیادت میں ایک اعلیٰ سطحی وفد جلد افغانستان روانہ ہوگا تاکہ معاملات خوش اسلوبی سے آگے بڑھائے جا سکیں۔
واضح رہے کہ پاکستان میں غیر قانونی طور پر مقیم افغان شہریوں کی واپسی کا عمل جاری ہے اور یکم اپریل سے اب تک 40 ہزار سے زائد افغان شہری وطن واپس جا چکے ہیں۔