198

عمران خان کی زیرصدارت پارٹی کا اعلیٰ سطحی اجلاس


اسلام آباد۔چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی زیرصدارت پارٹی کا اعلیٰ سطحی اجلاس ہفتہ کے روز بنی گالا میں منعقد ہوا ۔اجلاس میں فاٹا کے پختونخوا میں انضمام پر حکومتی مؤقف میں یوٹرن کی شدید مذمت کی گئی اور قبائلی عوام کے مستقبل کیلئے تاریخی احتجاج کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے اس حوالے سے آئندہ کچھ روز میں تحریک کی تاریخ کے تعین کا اعلان کیا جائے گا ۔تحریک انصاف کے مرکزی میڈیا ڈیپارٹمنٹ سے جاری بیان کے مطابق اجلاس میں کہا گیا ہے کہ ایک شخص کی خوشنودی کی خاطر پاکستان کی سلامتی اور قبائلی عوام کے مستقبل سے کھیلنے کی اجازت نہیں دیں گے۔

اجلاس میں امریکی نائب صدر کے پاکستان کے بارے میں بیان کی بھی شدید مذمت کی گئی ہے اور کہا گیا کہ امریکی نائب صدر نے اپنے بیان سے پاکستانی قوم کی دل آزاری کی۔دہشت گردی کیخلاف جنگ میں پاکستان نے سب سے زیادہ مالی اور جانی قربانیاں دیں، اس قسم کے بیانات شکست خوردگی اور مایوسی کی علامت ہیں، اجلاس میں قانونی ٹیم کی حدیبیہ پیپر ملز کیس پر مفصل بریفنگ بھی دی اور فیصلہ کیا گیا کہ آئندہ چند روز میں قومی سطح پر آگہی مہم شروع کی جائے گی ۔قانونی چارہ جوئی کے حوالے سے مختلف پہلوؤں پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا اور حدیبیہ کو طاق نسیاں کی نذر کرنے کی کوششیں ناکام بنانے پر مکمل اتفاق کیا گیا ۔

تحریک انصاف کی قیادت نے پاکستان عوامی تحریک کی کل جماعتی کانفرنس میں شرکت کا بھی فیصلہ کیا ۔وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کی قیادت میں وفد شریک ہوگا ۔سانحہ ماڈل ٹاؤن کے ذمہ داروں کیخلاف کارروائی کے اصولی مطالبے کی ہر سطح پر حمایت کا اعلان کیا گیا جبکہ اجلاس میں رکنیت سازی مہم کا بھی جائزہ لیا گیا ۔رکنیت سازی مہم کے حوالے سے اب تک کی پیشرفت پر اطمینان کا اظہار اور رکنیت سازی مہم کو مزید تیز اور مؤثر بنانے پر بھی مکمل اتفاق کیا گیا ۔