این ڈی ایم اے نے آئندہ موسم گرما کے لیے انتہائی اہم موسمی رپورٹ جاری کر دی ہے، جس کے مطابق ملک کے بیشتر علاقوں میں درجہ حرارت معمول سے زیادہ اور بارشیں معمول سے کم ہوں گی۔
رپورٹ میں واضح کیا گیا ہے کہ جنوبی پنجاب، سندھ اور بلوچستان شدید ہیٹ ویو کا سامنا کریں گے، اور درجہ حرارت 45 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہے۔ کراچی، بدین، لاڑکانہ، تھرپارکر، سکھر، اور دیگر شہروں میں گرمی کی شدت خطرناک حد تک بڑھ سکتی ہے۔
اس کے علاوہ شکارپور، دادو، سانگھڑ، بہاولپور، رحیم یار خان اور لاہور بھی گرمی کی لپیٹ میں رہیں گے۔ رپورٹ کے مطابق بلوچستان کے پہاڑی علاقوں میں گرمی کی شدت آگ لگنے جیسے حادثات کا باعث بن سکتی ہے۔
بارشوں کی کمی کے باعث نہ صرف فصلوں کی پیداوار متاثر ہو سکتی ہے بلکہ ملک میں پانی کی قلت کا مسئلہ بھی شدت اختیار کر سکتا ہے۔ اس دوران مئی اور جون میں بحیرہ عرب میں طوفانی موسم کے امکانات بھی موجود ہیں، جس پر این ڈی ایم اے نے الرٹ جاری کر دیا ہے۔