79

بسنت 2025: لاہور میں رنگ برنگی پتنگوں کا جشن، موٹر سائیکل پر عارضی پابندی زیر غور

لاہوریوں کے لیے خوش خبری ہے! بسنت 2025 اگلے سال فروری میں بھرپور انداز میں منانے کی تیاریاں جاری ہیں۔ پیٹرن ان چیف میاں نواز شریف کی ہدایت پر بسنت سے متعلق ایک بڑا اجلاس منعقد ہوا، جس میں شہر کے اہم افسران اور کائٹ فلائنگ ایسوسی ایشن کے نمائندگان نے شرکت کی۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ بسنت کو محفوظ بنانے کے لیے کئی اقدامات کیے جائیں گے، جن میں موٹر سائیکل کی دو روزہ پابندی بھی شامل ہے تاکہ عوام کو حادثات سے بچایا جا سکے۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ ڈور کا معیار جانچنے کے لیے PCSIR لیبارٹری سے باقاعدہ ٹیسٹ کرائے گئے ہیں، اور صرف پاس شدہ ڈور ہی استعمال کی جائے گی۔ اس کے علاوہ جون میں ایک رنگا رنگ ریہرسل بھی ہوگی۔

بسنت کے موقع پر ڈھائی تاوا گڈے تک کی اجازت ہوگی، لیکن چرخی اور بڑی پتنگوں پر پابندی برقرار رہے گی۔ ڈور صرف پنے کی شکل میں فروخت ہوگی اور پتنگ فروشوں کی رجسٹریشن لازمی ہوگی۔

بسنت پورے لاہور میں منائی جائے گی، اور غیر ملکی سیاحوں کو بھی اس رنگا رنگ تہوار میں مدعو کرنے کی منصوبہ بندی ہو رہی ہے۔ لاہوریوں کی امید ہے کہ یہ بسنت رنگ، روشنی اور خوشیوں کا نیا آغاز ثابت ہوگی۔