48

وفاق سے مالی انصاف نہ ملا تو خیبرپختونخوا خود لے گا: علی امین گنڈاپور

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کا کہنا ہے کہ این ایف سی میں اپنا حصہ نہ ملا تو زبردستی لے کر دکھائیں گے۔ مردان کے دورے کے دوران خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اب مزید محرومیاں برداشت نہیں کی جائیں گی، ہم ہر فورم پر اپنے حق کے لیے لڑیں گے، چاہے وہ عدالت ہو یا کوئی اور قانونی میدان۔

علی امین نے کہا کہ ہمارے لیے اب صرف ایک ہی راستہ ہے — خود انحصاری کا۔ ہم نے حکومت سنبھالی تو اربوں کے بقایاجات، بند علاج اور رُکی ہوئی اسکیمیں تھیں، مگر ہم نے سب سنبھالا اور 50 ارب روپے کا قرض اتارا۔ خیبرپختونخوا اب ترقی کی راہ پر ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اگلے بجٹ میں ہر حلقے کو 2، 2 ارب روپے کے فنڈز ملیں گے اور یونین کونسل کی سطح پر بھی 50 لاکھ روپے رکھے گئے ہیں تاکہ مقامی مسائل فوری حل ہو سکیں۔

عوام سے اپیل کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اپنے حق کے لیے متحد ہو جائیں، ہم اپنے وسائل، اپنے ٹیکس، اپنے پیسے پر اختیار چاہتے ہیں۔ اگر وفاق نے حق نہ دیا تو چھین کر لیں گے!

ان کا کہنا تھا کہ عمران خان آج بھی قربانی دے رہے ہیں اور ان کی رہائی کے لیے ہر ممکن کوشش جاری ہے۔ ہمارا مشن صرف عہدے نہیں، انصاف اور آئین کی بالادستی ہے، اور اگر آج ہم ناکام ہوئے تو ہماری آنے والی نسلیں بھی اسی طرح محرومی کا شکار رہیں گی۔