129

پنجاب کے اسکولوں میں ٹیچرز کے لیے نیا ڈریس کوڈ، جینز اور فینسی لباس پر پابندی

اب پنجاب کے سرکاری اسکولوں کے اساتذہ اسکول میں جینز اور ٹی شرٹ نہیں پہن سکیں گے! محکمہ تعلیم نے ایک نیا ڈریس کوڈ جاری کر دیا ہے جس کے مطابق اساتذہ کو پروفیشنل اور سادہ لباس پہننا ہوگا۔

مرد اساتذہ پر جینز اور ٹی شرٹ پہننے کی پابندی لگائی گئی ہے، جب کہ خواتین اساتذہ سے کہا گیا ہے کہ وہ شلوار قمیض کے ساتھ دوپٹہ یا حجاب پہنیں۔ اس کے علاوہ انہیں مہنگے زیورات، اونچی ہیلز اور ضرورت سے زیادہ میک اپ کرنے سے بھی منع کیا گیا ہے۔

محکمہ کا کہنا ہے کہ یہ قدم اس لیے اٹھایا گیا ہے تاکہ اسکولوں میں ڈسپلن بڑھے اور اساتذہ کا حلیہ طالبعلموں کے لیے ایک مثبت مثال بنے۔ اگر کوئی ٹیچر ان اصولوں کو نظر انداز کرے گا تو اس کے خلاف کارروائی ہوگی۔

نجی اسکولوں کو بھی کہا گیا ہے کہ وہ اپنے اسکولوں میں مناسب ڈریس کوڈ لازمی بنائیں۔ یہ فیصلہ سندھ میں اسی طرح کی پابندی کے بعد سامنے آیا ہے۔