144

مولانا فضل الرحمان کے نام پر جعلی سوشل میڈیا اکاؤنٹ چلائے جانے کا انکشاف

اسلام آباد: جمعیت علمائے اسلام (ف) کو اس وقت سوشل میڈیا پر ایک نئی مشکل کا سامنا ہے جب پارٹی سربراہ مولانا فضل الرحمان کے نام سے ایک جعلی سوشل میڈیا اکاؤنٹ سرگرم پایا گیا ہے۔

ترجمان پارٹی نے اس واقعے کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ جعلی اکاؤنٹ سے مولانا فضل الرحمان کے نام پر جھوٹی خبریں اور بیانات نشر کیے جا رہے ہیں، جن کا مقصد عوام کو گمراہ کرنا اور جماعت کو بدنام کرنا ہے۔

بیان میں صحافتی برادری پر زور دیا گیا ہے کہ بغیر تحقیق کے ایسے جعلی ذرائع سے خبروں کو اٹھا کر نشر کرنا پیشہ ورانہ صحافت کی خلاف ورزی ہے۔ ترجمان نے مطالبہ کیا کہ متعلقہ ادارے اس جعلی اکاؤنٹ کے خلاف کارروائی کریں اور سوشل میڈیا پلیٹ فارمز بھی ایسے عناصر کے خلاف سخت اقدام اٹھائیں۔

جے یو آئی (ف) نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ صرف جماعت کے آفیشل پلیٹ فارمز سے نشر ہونے والی معلومات پر اعتماد کریں۔