لاہور: پنجاب کی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے اعلان کیا ہے کہ تھیٹر سے بے حیائی کے خاتمے کے لیے نئی قانون سازی کا عمل جلد مکمل کیا جا رہا ہے اور آئندہ چند روز میں تھیٹر کے لیے ایک جامع نئی پالیسی متعارف کرائی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ سفارش کی بنیاد پر کسی کو معافی نہیں دی جائے گی، اور اس مسئلے پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ ان کے مطابق، حکومتی اقدامات پر عوام کا ردعمل نہایت مثبت اور حوصلہ افزا ہے، اور اکثریت یہ چاہتی ہے کہ تھیٹر سے فحاشی کا مکمل صفایا کیا جائے۔
عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ ان اقدامات کا مقصد تھیٹر کو ایک باوقار اور ثقافتی تفریحی پلیٹ فارم بنانا ہے، جو نہ صرف فنکاروں کے لیے سازگار ہو بلکہ عام شہریوں، بالخصوص فیملیز کے لیے بھی قابل قبول ہو۔