234

بشریٰ بی بی اور خاور مانیکا کے صاحبزادے موسیٰ مانیکا شادی کے بندھن میں بندھ گئے

پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان کی اہلیہ اور سابق خاتون اول بشریٰ بی بی کے بیٹے موسیٰ مانیکا کی شادی انجام پا گئی۔ خاندانی ذرائع کے مطابق شادی کی تقریب لاہور کے علاقے بیدیاں روڈ پر واقع خاور مانیکا کے فارم ہاؤس میں ہوئی، جہاں خاندان کے قریبی افراد اور چند مخصوص مہمانوں نے شرکت کی۔

اس تقریب میں سیاست اور روحانیت سے وابستہ ملک کے ایک ممتاز خاندان کی جھلک نمایاں رہی۔ شریک مہمانوں میں میاں احمد رضا مانیکا، میاں فاروق مانیکا، میاں آصف مانیکا اور دیوان عظمت سید محمد چشتی شامل تھے۔ تقریب کو مکمل نجی رکھا گیا اور کسی قسم کی میڈیا کوریج کی اجازت نہیں دی گئی۔

واضح رہے کہ موسیٰ مانیکا، خاور مانیکا کے صاحبزادے ہیں، جو ایک سابق بیوروکریٹ رہ چکے ہیں۔ خاور مانیکا اور بشریٰ بی بی کی شادی 28 سال جاری رہی، تاہم 2017 میں دونوں کے درمیان علیحدگی ہو گئی۔ 2018 میں بشریٰ بی بی نے عمران خان سے نکاح کیا، جس کے بعد ان کا نام ملکی سیاست میں نمایاں طور پر سامنے آیا۔

بشریٰ بی بی ان دنوں قانونی مشکلات کا سامنا کر رہی ہیں اور مختلف الزامات کے تحت اڈیالہ جیل میں قید ہیں۔ ان کی شخصیت پر اسرار روحانی پس منظر اور عمران خان سے تعلق کے باعث ہمیشہ توجہ کا مرکز رہی ہے۔