راجن پور کے کچے کے علاقے میں پولیس کا ڈاکوؤں کے خلاف بڑا آپریشن، دو مشتبہ افراد گرفتار، جبکہ دیگر ملزمان کے خلاف کارروائی جاری ہے۔
ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق، روجھان پولیس نے عمرانی گینگ اور لنڈ گینگ کے خلاف چک عمرانی میں سرچ آپریشن کیا۔ جیسے ہی پولیس نے علاقے میں پیش قدمی کی، ڈاکو دریا کے راستے فرار ہونے لگے، لیکن پولیس نے ان کا پیچھا کیا۔
آپریشن کے دوران دو مشتبہ افراد کو گرفتار کرلیا گیا، جبکہ ڈاکوؤں کی کمین گاہوں کو نذرِ آتش کر دیا گیا۔ پولیس نے علاقے کو سیل کر دیا ہے اور مزید گرفتاریوں کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے۔
ڈی پی او راجن پور کے مطابق، کچے کے علاقے میں قیامِ امن تک آپریشن جاری رہے گا اور ہر جرائم پیشہ فرد کے خلاف سخت کارروائی ہوگی۔