اسلام آباد: ملک بھر میں شوال کا چاند نظر آنے کے بعد 31 مارچ بروز پیر کو عیدالفطر منانے کا اعلان کر دیا گیا۔
مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس مولانا عبدالخبیر آزاد کی صدارت میں منعقد ہوا، جس میں محکمہ موسمیات، سپارکو اور علمائے کرام نے شرکت کی۔
مولانا عبدالخبیر آزاد نے اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ کچھ علاقوں میں مطلع ابر آلود رہا، تاہم لاہور، اسلام آباد، شیخوپورہ اور قصور سے مصدقہ شہادتیں موصول ہوئیں۔
ماہرین فلکیات کے مطابق شوال کا چاند گزشتہ روز پیدا ہو چکا تھا اور اس کی عمر آج مغرب کے وقت 25 گھنٹے سے زائد تھی، جس کے باعث اسے دیکھنا ممکن تھا۔
پاکستان بھر میں عیدالفطر 31 مارچ کو مذہبی جوش و خروش سے منائی جائے گی۔