139

محکمہ موسمیات کا اہم اعلان: ملک میں پانی کی شدید قلت کا سامنا

اسلام آباد: محکمہ موسمیات نے ملک میں معمول سے کم بارشوں کے سبب خشک سالی کے خدشے کا اظہار کیا ہے۔

خشک سالی مانیٹرنگ سینٹر کی جاری کردہ ایڈوائزری کے مطابق، حالیہ بارشوں سے کچھ علاقوں میں بہتری آئی ہے، لیکن جنوبی سندھ اور بلوچستان میں اب بھی خشک سالی برقرار ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق، یکم ستمبر 2024 سے 21 مارچ 2025 کے دوران ملک میں 40 فیصد کم بارشیں ریکارڈ ہوئیں، سندھ میں 62 فیصد، بلوچستان میں 52 فیصد اور پنجاب میں 38 فیصد کمی دیکھی گئی۔

کراچی، دادو، تھرپارکر، ٹھٹھہ، بدین، حیدرآباد، عمرکوٹ، گھوٹکی، جیکب آباد، لاڑکانہ، سکھر، خیرپور اور سانگھڑ خشک سالی کا شکار ہیں۔ بلوچستان میں گوادر، کیچ، لسبیلہ، پنجگور، آواران اور چاغی بھی متاثرہ علاقوں میں شامل ہیں۔

پنجاب میں بہاولپور، بہاولنگر اور رحیم یار خان بھی خشک سالی سے متاثر ہیں۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ تربیلا اور منگلا ڈیموں میں پانی کی شدید قلت ہے، جبکہ آئندہ مہینوں میں گرمی کی شدت بڑھنے سے صورتحال مزید خراب ہو سکتی ہے۔