150

دو سال میں ہر گلی سے ’جئے بھٹو‘ کی آواز آئے گی: میئر کراچی

میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ اگلے دو سالوں میں شہر میں اتنے ترقیاتی اقدامات کیے جائیں گے کہ ہر علاقے میں پیپلز پارٹی کی حمایت میں نعرے سنائی دیں گے۔

کھارادر میں مچھی میانی مارکیٹ کے ترقیاتی منصوبوں کے افتتاح کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ انتخابی مہم کے دوران کیے گئے وعدوں کو پورا کیا جا رہا ہے۔ ان کے مطابق، پیپلز پارٹی کے حوالے سے جو منفی تاثر قائم کیا گیا تھا، وہ اب زائل ہو رہا ہے کیونکہ مختلف اضلاع میں پارٹی کے ذریعے بڑے پیمانے پر ترقیاتی کام جاری ہیں۔

مرتضیٰ وہاب نے یہ بھی کہا کہ شہر میں پانی کی قلت سمیت دیگر بنیادی مسائل کو حل کیا جائے گا۔ ایم کیو ایم پر تبصرہ کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ یہ حیران کن بات ہے کہ جو جماعت پہلے بلدیاتی اختیارات کی تقسیم کے حق میں تھی، اب وہ چاہتی ہے کہ کراچی میں ترقیاتی کام کے ایم سی کے بجائے پی آئی ڈی سی ایل انجام دے۔ انہوں نے سوال کیا کہ اختیارات کی حمایت صرف اس وقت کیوں کی جاتی ہے جب میئر ان کا اپنا ہو؟