ایف آئی اے کے انسداد انسانی اسمگلنگ سرکل پشاور نے ایک اہم کارروائی میں نواب خان نامی انسانی اسمگلر کو گرفتار کر لیا۔ ملزم اور اس کے گروہ کے دیگر ارکان افریقا اور خلیجی ممالک سے انسانی اسمگلنگ کا دھندہ چلا رہے تھے۔
تحقیقات کے مطابق، نواب خان نے لیبیا میں ہونے والے کشتی حادثے کے متاثرین کو یورپ بھجوانے کے نام پر لاکھوں روپے وصول کیے۔ چھاپے میں اس کے موبائل فون سے اہم شواہد برآمد ہوئے، جن میں ویڈیوز، تصاویر، پیغامات اور بینک ٹرانزیکشنز شامل ہیں۔
حکام کے مطابق، ملزم کے بینک اکاؤنٹس کا پتا لگا لیا گیا ہے، جنہیں جلد منجمد کر دیا جائے گا۔ مزید تفتیش میں معلوم ہوا کہ وہ ایک افغان شہری ہے، جس نے جعلی پاکستانی شناختی کارڈ حاصل کر رکھا تھا۔ اس کی جائیدادوں اور گاڑیوں کی تفصیلات حاصل کرنے کے لیے متعلقہ اداروں سے رابطہ کیا جا رہا ہے۔
ایف آئی اے ڈائریکٹر پشاور زون کے مطابق، انسانی اسمگلنگ میں ملوث بیرون ملک مقیم مجرموں کی گرفتاری کے لیے انٹرپول سے تعاون لیا جا رہا ہے، جبکہ ملک بھر میں انسانی اسمگلروں کے خلاف کارروائیاں تیز کر دی گئی ہیں۔