برطانوی ایئر سیفٹی کمیٹی کا اہم اجلاس کل (20 مارچ) منعقد ہوگا، جس میں پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) سمیت تمام پاکستانی ایئرلائنز پر عائد پابندی کا جائزہ لیا جائے گا۔
پی آئی اے پر جولائی 2020 میں مشکوک پائلٹ لائسنس اسکینڈل کے باعث برطانیہ اور یورپ میں پروازوں کی پابندی لگائی گئی تھی۔ نومبر 2024 میں یورپی یونین نے پی آئی اے پر عائد پابندی ہٹا دی، جس کے بعد 10 جنوری 2025 سے پی آئی اے نے یورپ کے لیے پروازیں بحال کر دی تھیں۔
اب برطانوی ایوی ایشن حکام بھی اس معاملے کا جائزہ لے رہے ہیں، اور امید ہے کہ اجلاس میں مثبت فیصلہ سامنے آئے گا۔ پابندی کے خاتمے سے پی آئی اے کو لندن، مانچسٹر اور برمنگھم کے لیے پروازیں بحال کرنے میں مدد ملے گی، جس سے نہ صرف ایئرلائن کی مالی حالت بہتر ہوگی بلکہ برطانیہ میں مقیم پاکستانی مسافروں کو بھی سہولت میسر آئے گی۔