اسلام آباد: پیشہ ور بھکاریوں نے اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کا رخ کر لیا، ایئرپورٹ پر مسافروں کو ہراساں کرنے کے واقعات میں اضافہ ہو گیا۔
ویجلنس ٹیموں کے مطابق یہ گداگر وزیٹرز کا روپ دھار کر ایئرپورٹ میں داخل ہوتے ہیں اور خاص طور پر بیرون ملک سے آنے والے مسافروں کو نشانہ بناتے ہیں۔
پارکنگ ایریا اور انٹرنیشنل ارائیول لاؤنج کے باہر خواتین گداگروں کی بڑی تعداد دن رات موجود رہتی ہے، جس کی وجہ سے مسافروں کو مشکلات کا سامنا ہے۔
ایئرپورٹ انتظامیہ نے تصدیق کی ہے کہ روزانہ کی بنیاد پر کارروائیاں کی جا رہی ہیں اور پچھلے ایک ہفتے میں 30 سے زائد گداگروں کو گرفتار کر کے پولیس کے حوالے کیا گیا ہے۔
انتظامیہ نے مسافروں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ گداگروں کو بھیک نہ دیں اور کسی بھی مشکوک فرد کی فوری اطلاع سیکیورٹی حکام کو دیں۔