36

پشاور میں نشے سے صحت یاب ہونے والے 26 افغان باشندوں کی فہرست افغان قونصل خانے کے حوالے

پشاور: نشے سے پاک پشاور مہم کے تیسرے مرحلے میں صحت یاب ہونے والے 26 افغان باشندوں کی فہرست پشاور میں متعین افغان قونصل جنرل کے حوالے کر دی گئی۔

یہ افراد علاج کے لیے بحالی مراکز میں منتقل کیے گئے تھے، جہاں ان کا بہترین علاج کیا گیا۔ صحت یاب ہونے والوں میں تین بچے اور ایک خاتون بھی شامل ہیں۔

اس حوالے سے افغان قونصل جنرل حافظ محب اللہ شاکر نے کمشنر افغان پناہ گزین اور کمشنر پشاور ڈویژن ریاض خان محسود سے ملاقات کی۔ اس ملاقات میں ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر رفیق مہمند اور بحالی مراکز کے منتظمین بھی موجود تھے، جہاں صحت یاب افراد کے علاج کی تفصیلات فراہم کی گئیں۔

کمشنر پشاور ڈویژن نے بتایا کہ زیادہ تر صحت یاب افراد کے اہلِ خانہ پشاور اور دیگر اضلاع میں رہائش پذیر ہیں، جنہیں سفارتی آداب کے تحت افغان قونصل خانے کے ذریعے ہی ان کے اہلِ خانہ کے حوالے کیا جائے گا۔ جبکہ وہ افراد جن کے خاندان افغانستان میں مقیم ہیں، انہیں بھی قونصلیٹ کے ذریعے اطلاع دے کر اہلِ خانہ سے ملوایا جائے گا۔

افغان قونصل جنرل کی درخواست پر صحت یاب افراد کو مزید چند دن بحالی مراکز میں رکھا جائے گا، تاکہ قونصلیٹ تمام خاندانوں سے مکمل رابطہ کر سکے۔ قونصل جنرل نے نشے کے عادی افغان باشندوں کے بہترین علاج پر صوبائی حکومت اور کمشنر پشاور ڈویژن کا شکریہ ادا کیا، اور اسے ایک اہم اقدام قرار دیا۔