خیبرپختونخوا کے وزیر اعلی علی امین خان گنڈاپور نے "ڈرگ فری پشاور" پروگرام کے تیسرے مرحلے کی تقریب میں اعلان کیا کہ نشے کے عادی افراد کو صحت کارڈ میں شامل کیا جائے گا۔ تقریب میں صوبائی کابینہ کے اراکین، اراکین اسمبلی اور سول سوسائٹی کے نمائندے بھی موجود تھے۔
انہوں نے بتایا کہ ڈرگ فری پشاور پروگرام کے تحت 1239 افراد کی بحالی ممکن بنائی گئی ہے، جن میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔ بحال شدہ افراد میں پشاور کے 611 افراد، دیگر اضلاع سے 536، پنجاب کے 48، سندھ کے 10 اور افغانستان سے 26 افراد شامل ہیں۔
وزیر اعلیٰ نے مزید کہا کہ یہ پروگرام صرف خیبرپختونخوا کے لیے نہیں بلکہ پورے پاکستان کے لیے ہے۔ انہوں نے منشیات فروشوں کے خلاف سخت کارروائی کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ تاجر برادری ان بحال شدہ افراد کو روزگار فراہم کرے گی تاکہ وہ نارمل زندگی گزار سکیں۔