اسلام آباد: دفتر خارجہ کے ترجمان نے بیان دیا کہ جعفر ایکسپریس پر حملہ بھی بیرون ملک مقیم قیادت نے کیا اور اس دہشتگردی کے پیچھے بھارت ہے۔
ترجمان شفقت علی خان نے دفتر خارجہ میں ہفتہ وار بریفنگ کے دوران کہا کہ ہم نے جعفر ایکسپریس دہشتگردی کے بعد ریسکیو آپریشن مکمل کیا ہے، اور اس حملے کے پیچھے بھی بیرون ملک بیٹھے رہنماؤں کا ہاتھ ہے، اور اس دہشتگردی کے پیچھے بھارت ہے۔
ترجمان نے مزید کہا کہ بلوچستان میں حالیہ دہشتگردی میں ملوث عناصر افغانستان میں اپنے ساتھیوں سے رابطے میں تھے، اس دوران ٹریس کی گئی کالز سے افغانستان سے روابط کا پتہ چلا ہے، دہشتگردوں کی افغانستان میں محفوظ پناہ گاہیں ہیں، پاکستان نے متعدد مرتبہ افغان عبوری حکومت سے بی ایل اے جیسے دہشتگرد گروپوں کو اپنی زمین سے روکنیکا مطالبہ کیا ہے، پاکستان سرحدوں کے باہر سے پلان کی جانےوالی دہشتگردی کا نشانہ بنتا رہا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ ہم سفارتی رابطے پبلک فورم پر بیان نہیں کرتے، ماضی میں بھی ایسے واقعات کی تفصیلات افغانستان کے ساتھ شئیر کرتے رہے ہیں، یہ ایک جاری عمل ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ افغانستان پر ہماری بنیادی ترجیح دوستانہ اور قریبی تعلقات کا فروغ ہے، اس سمت میں تعلقات کا تسلسل اہمیت رکھتا ہے، دہشتگردی ہمارے لیے ایک سنجیدہ مسئلہ ہے، اور ہم انسداد دہشتگردی پر کئی دوست ممالک کے ساتھ تعاون کر رہے ہیں۔