245

ڈالر مہنگا ہونے سے پاکستان کو کھربوں کا نقصان ہوا ہے، عمر ایوب

ہری پور: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف عمر ایوب نے حکومت کی معاشی پالیسیوں کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے انکشاف کیا کہ گزشتہ دو سالوں میں ڈالر کی قیمت میں اضافے کے باعث پاکستان کو 4 ہزار ارب روپے کا نقصان ہوا ہے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمر ایوب کا کہنا تھا کہ معیشت روز بروز تباہ ہو رہی ہے، سرمایہ کاری کا فقدان ہے اور کرپشن میں خطرناک حد تک اضافہ ہو چکا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اپوزیشن جماعتیں ملک کو بحران سے نکالنے کے لیے مشترکہ حکمت عملی تیار کر رہی ہیں۔

انہوں نے بلوچستان میں امن و امان کی بگڑتی صورتحال پر بھی تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ وفاق خیبرپختونخوا کے 1100 ارب روپے کے واجبات ادا کرنے میں ناکام ہو چکا ہے، جبکہ سندھ کے پانی کو چولستان کے صحراؤں میں لے جانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

عمر ایوب نے کہا کہ ملک میں سیاسی استحکام اور معاشی ترقی کے لیے شفاف انتخابات ناگزیر ہیں۔