18

دہشتگردوں کو بسانے پر باجوہ سے جواب طلب کیا جائے : خواجہ آصف

وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ سابق ڈی جی آئی ایس آئی فیض حمید کی گرفتاری ہو چکی ہے، مگر سابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے بھی یہ سوال پوچھنا چاہیے کہ انہوں نے ملک میں دہشت گردوں کو دوبارہ کیوں بسایا۔ پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر گفتگو میں خواجہ آصف نے کہا کہ دہشت گردی پوری دنیا کا مسئلہ ہے جس کا حل اجتماعی کوششوں سے ممکن ہے۔ انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا حکومت کو پہلے اپنی ناکامی پر خود انکوائری کرنی چاہیے کیونکہ وہاں دہشت گردی کے خلاف کوئی موثر اقدامات نہیں کیے جا رہے۔

عمران خان کے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو خط لکھنے پر تبصرہ کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ پہلے یہ خطوط ملکی سیاست میں چل رہے تھے، اب انہیں عالمی سطح پر لے جایا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پہلے خطوط کا جو حشر ہوا، وہی اس بار بھی ہو گا۔ خواجہ آصف نے طنزیہ انداز میں کہا کہ عمران خان کو کوئی مشورہ دینے کی ضرورت نہیں، وہ مشوروں سے بالاتر ہو چکے ہیں اور ان کے معاملات اب جادو ٹونے پر چل رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا حکومت دہشت گردی کے خاتمے میں مکمل ناکام ہے اور وہ صرف بانی پی ٹی آئی کے سیاسی مفادات کا تحفظ کر رہی ہے۔ خواجہ آصف نے واضح کیا کہ ملک میں دہشت گردوں کو دوبارہ بسانے میں جنرل باجوہ، جنرل فیض اور بانی پی ٹی آئی برابر کے شریک ہیں۔