خیبرپختونخوا میں رمضان المبارک کے دوران بجلی اور گیس کی طویل لوڈ شیڈنگ پر گورنر نے وزیر اعظم شہباز شریف کو خط لکھ دیا ہے، جس میں انہوں نے اس سنگین مسئلے پر فوری توجہ دینے کا مطالبہ کیا ہے۔
خط میں گورنر خیبرپختونخوا نے نشاندہی کی کہ صوبہ خیبرپختونخوا ملک کے بڑے بجلی اور قدرتی گیس پیدا کرنے والے علاقوں میں شامل ہے، مگر اس کے باوجود یہاں کے عوام کو ان سہولیات سے محروم رکھا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ رمضان میں بجلی اور گیس کی بندش عوام کے لیے شدید مشکلات پیدا کر رہی ہے، اور وزیر اعظم کی جانب سے کیے گئے اعلانات کے باوجود ان پر عمل نہیں ہو رہا۔ خاص طور پر سحری، افطاری اور عبادات کے دوران لوڈ شیڈنگ نے شہریوں کو اذیت میں مبتلا کر دیا ہے۔
گورنر خیبرپختونخوا نے وزیر اعظم سے اپیل کی کہ وہ فوری طور پر اس صورتحال کا نوٹس لیں اور صوبے میں بلا تعطل بجلی اور گیس کی فراہمی یقینی بنائیں۔